لکھنؤ۔(نامہ نگار)۔ تالکٹورہ پولیس نے راستے میں خواتین سے لوٹنے والے ماموں بھانجے کو سنیچر کی شب گرفتار کر لیا ہے۔ پولیس نے ان کے قبضہ سے لوٹی گئی تین زنجیریں، ایک جھمکا اور ایک موٹر سائیکل برآمد کی ہے۔ ملزم پہلے بھی لوٹ کی واردات میں جیل جا چکے ہیں۔ موصولہ خبر کے مطابق ایس پی مغرب اجے کمار مشرا نے بتایا کہ تالکٹورہ پولیس نے سنیچر کی رات مینا بیکری کے قریب چیکنگ کے دوران موٹر سائیکل پر سوار دو بدمعاشوں کو گرفتار کر لیا۔ پولیس نے جب ان سے گاڑی کے کاغذات مانگے تو وہ کاغذات نہیں دکھا سکے۔ شک کی بناء پر پولیس نے جب دونوں نوجوانوں کی جامع تلاشی لی تو ان کے قبضہ سے سونے کی تین زنجیریں، ایک جوڑی جھمکے برآمد ہوئے۔ پوچھ گچھ کے دوران ملزمین نے بتایا کہ برآمد زنجیریں و جھمکے علیحدہ علیحدہ خواتین سے لوٹی گئی تھیں۔ ملزمین نے اپنا نام بازار کھالہ بھوانی گنج کا باشندہ دویندر عرف مانو اور ادے بھان سنگھ بتایا۔
ملزم دویندر و ادے بھان رشتے میں ماموں بھانجے ہیں۔ ایس او تالکٹورہ ونود مشرا نے بتایا کہ گرفتار لٹیروں نے تالکٹورہ علاقہ میں تین اور بازار کھالہ علاقہ میں لوٹ کی ایک واردات کو انجام دینے کا اقبال جرم کر لیا ہے۔ ملزم دویندر کے خلاف بازار کھالہ کوتوالی میں پانچ جرائم کے مقدمات درج ہیں اور وہ پہلے بھی جیل جا چکا ہے۔