لکھنؤ۔(نامہ نگار)۔ سماج وادی پارٹی نے آج خواتین کے سلسلہ میں اپنی بیداری کا مظاہرہ کرتے ہوئے ریاستی ترجمان راجندر چودھری نے کہا کہ سماج وادی رہنما ڈاکٹر رام منوہر لوہیا کے خیالات اور نظریات پر مشتمل سماج وادی پارٹی ان کے حقوق کی محافظ رہی ہے۔
اب پارٹی کے خواتین کی عزت کے حفظ کیلئے چلائی گئی تحریکوں کی ایک طویل تاریخ ہے۔
انہوں نے کہا کہ ملائم سنگھ یادو خواتین کو عزت دینے اور انہیں آگے بڑھانے والوں میں اولین رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ۱۹۸۰ء میں جب میرٹھ میں مایاتیاگی نام کی ایک خاتون کی عصمت دری کا واقعہ پیش آیا تھا تو اس سلسلہ میں سابق وزیر اعظم چودھری چرن سنگھ اور ملائم سنگھ نے ہی آواز بلند کی تھی۔ اس سلسلہ میںانہیں جیل بھی جانا پڑا تھا۔ انہوںنے کہاکہ آج جب مخالف جماعتیں الزام عائد کرتی ہیں تو تعجب ہوتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ ریاست میں اکھلیش یادو کی قیادت میں پارٹی کی اکثریتی حکومت ہے۔
حکومت نے سماج کے سبھی طبقوں کے مفاد کی اسکیموں پر عمل کیا ہے۔ حکومت نے طالبات کی تعلیم کیلئے بجٹ میں بندوبست کیا، خواتین کے تحفظ کیلئے قدم اٹھائے۔ حکومت نے ترقی کوخاص ایجنڈا بناکر اس پر کام شروع کیا ہے جس سے گھبراکر مخالف جماعتیں حکومت پر حملہ کرنے کی کوشش کر رہی ہیں۔
انہوں نے کہا کہ عصمت دری جیسے واقعات سماج پر ایک بدنما داغ ہیں۔ اس سماجی مسئلہ پر تفصیل سے غور وخوض کیا جانا چاہئے۔ انہوں نے کہا کہ وزیر اعلیٰ نے ایسے واقعات میں فوری کارروائی کے احکامات افسران کو دیئے ہیں۔