بولی وڈ فلم ‘باجی راؤ مستانی’ میں کیے گئے کردار پر اگرچہ رنویر سنگھ کو کافی اچھا رد عمل موصول ہوا، تاہم اداکار خود اپنے کام سے مطمئن نہیں اور ان کا کہنا ہے کہ خود کو اسکرین پر دیکھنا ان کے لیے مشکل ہے اور وہ اس سے بچنے کی کوشش کرتے ہیں۔
ہندوستان ٹائمز کے مطابق رنویر سنگھ کا اپنی اداکاری کے حوالے سے کہنا تھا کہ ’میں ہمیشہ اپنی اداکاری پر کافی تنقید کرتا ہوں اور خود کو اسکرین پر دیکھنا برداشت نہیں کرسکتا۔ میں ہمیشہ اپنی اداکاری میں غلطیاں دیکھتا ہوں جو دراصل غلطیاں نہیں ہوتیں بس ان کو بہتر انداز میں کیا جاسکتا ہے‘۔
رنویر کا مزید کہنا تھا کہ اداکاری میں کچھ بھی صحیح اور غلط نہیں ہوتا اور ہمیشہ بہتر کرنے کی گنجائش باقی رہتی ہے۔
فلموں میں کام کے حوالے سے رنویر کا کہنا تھا کہ اپنی اداکاری کو بہتر بنانے کے لیے وہ کبھی بھی شوٹنگ کے دوران کسی سین کو فلمانے کے بعد اس کو جانچتے نہیں اور نہ ہی یہ دیکھتے ہیں کہ اسکرین پر ان کی پرفارمنس کیسی نظر آئی۔
اپنے اور دپیکا کے رشتے کے حوالے سے رنویر کا کہنا تھا ’میں اپنی ذاتی زندگی کو چھپانے پر یقین نہیں رکھتا، میرے لیے سب سے اہم چیز ایمانداری ہے اور جب بھی کوئی مجھ سے دپیکا کے متعلق سوال کرتا تو میں ایمانداری سے جواب دیتا ہوں۔