ممبئی: بھارتی ہندو انتہا پسند تنظیم شیو سینا نے خورشید قصوری کی کتاب کے آرگنائزر سدھندرا کلکرنی کو تشدد کا نشانہ بنا ڈالا اور چہرے پر کالا رنگ پھینک دیا۔ تفصیلات کے مطابق بھارت کے شہر ممبئی میں پاکستان کے سابق وزیرِ خارجہ خورشید محمود قصور ی کی کتاب کی تقریبِ رونمائی پیر کے روز ہونا تھی۔ شیو سینا کے غنڈوں نے خورشید قصوری کو کتاب کی رونمائی نہ کرنے کے دھمکی آمیز پیغامات دیے ۔ جس کے بعد شیو سینا کے غنڈوں نے کتاب کے آرگنائزر سدھندرا کلکرنی کو اس وقت پکڑ لیا جب وہ اپنے گھر سے کتاب کی رونمائی کیلئے جا رہے تھے۔ شیو سینا کے غنڈوں نے سدھندرا کلکرنی کو سخت زدوکوب کیا، چہرے پر سیاہ رنگ پھینک دیا اور کتاب کی رونمائی سے باز رہنے کی دھمکی دی۔ سدھندرا کلکرنی نے نجی ٹی وی چینل سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ دونوں ملکوں کے درمیان امن قائم کرنا چاہتے ہیں، ہم ڈرنے والے نہیں ہیں آج کا پروگرام ہوکر ہی رہے گا۔ وزیر اعلیٰ مہاراشٹرا نے کہا ہے کہ کتاب کی رونمائی کے دوران خورشید قصوری کو مکمل سیکیورٹی فراہم کی جائے گی۔ غیر ملکیوں کی سیکیورٹی کی ذمہ داری حکومت کی ہے۔ واضح رہے کہ اس سے قبل ہندو انتہا پسندوں نے پاکستانی گلوکار میکال حسن اور غلام علی کے کنسرٹ بھی رکوا دیئے ہیں۔ شیوسینا نے دھمکی دی ہے کہ خورشید قصوری کی کتاب کی تقریب رونمائی منسوخ کی جائے۔۔