اسلام آباد:پاکستان کے خیبر ایجنسی اور شمالی وزیرستان میں سکیورٹی فورسز کی فضائی کارروائیوں کے دوران 31 دہشت گرد ہلاک جبکہ متعدد زخمی ہو گئے ۔اس دوران دہشت گردوں کے 9ٹھکانوں کو بھی تباہ کرنے کا پاکستانی فوج نے دعوی کیا ہے ۔موصولہ اطلاعات کے مطابق خیبر ایجنسی کی وادی تیراہ میں سکیورٹی فورسز کے جیٹ طیاروں کی کارروائی میں 14 دہشت گرد ہلاک اور 10 زخمی ہوگئے ۔ ہلاک دہشت گردوں کا تعلق کالعدم تحریک طالبان پاکستان اور کالعدم لشکر اسلام سے بتایا جاتا ہے جبکہ کارروائی کے نتیجہ میں دہشت گردوں کے پانچ ٹھکانے بھی تباہ کر دیئے گئے ۔
سکیورٹی فورسز نے خفیہ اطلاع پر دہشت گردوں کے ٹھکانوں کو نشانہ بنایا۔ کارروائی کے دوران اسلحہ اور گولہ بارود کا ذخیرہ بھی تباہ کر دیا گیا۔ دوسری جانب سکیورٹی فورسز نے جیٹ طیاروں کے ذریعے شمالی وزیرستان کی تحصیل شوال اور دتہ خیل کے مضافاتی علاقوں میں فضائی کارروائی کی جس کے نتیجے میں 17 دہشت گرد ہلاک اور متعدد زخمی ہو گئے جبکہ کچھ غیر ملکی دہشت گردوں کے مارے جانے کی بھی اطلاعات ہیں۔ کارروائی کے دوران سکیورٹی فورسز نے دہشت گردوں کے 4 ٹھکانوں کو بمباری کا نشانہ بنایا جہاں اسلحہ و گولہ بارود کا ذخیرہ تھا جس کو مکمل طور پر تباہ کر دیا گیا ہے ۔