لکھنؤ۔(نامہ نگار)۔وزیر اعلیٰ اکھلیش یادو نے گوتم بدھ نگر کے دادری علاقہ میں بی جے پی لیڈر وجے پنڈت کے قتل معاملہ پر سخت رویہ اختیار کرتے ہوئے اس واقعہ کا جلد سے جلد انکشاف کرنے کی ہدایت دی ہے۔ انہوں نے سینئر افسران کو موقع پر جاکر مختلف پہلوؤں کی باریکی سے تفتیش کرنے کی بھی ہدایت دی ہے۔ واضح رہے کہ سنیچر کی رات گریٹر نوئیڈا دادری میونسپل بورڈ چیئر مین کے شوہر و بی جے پی لیڈر وجے پنڈت کو موٹر سائیکل سوار بدمعاشوں نے تحصیل گیٹ پر گولی مار دی تھی۔ شدید طور سے زخمی وجے پنڈت کو پرائیویٹ اسپتال میں داخل کرایا گیا تھا جہاں ان کی موت ہو گئی تھی۔ قتل کی مخالفت میں مشتعل ہجوم نے جی ٹی روڈ کو مسدود کر دیا تھا اور ٹریفک پولیس کے بوتھ اور پولیس کی گاڑیوں کو نذر آتش کر دیا تھا۔ پولیس نے مظاہرین کو جب روکنے کی کوشش کی تو وہ تشدد پر آمادہ ہو گئے۔ مظاہرین نے ٹرک ، بس اور دیگر گاڑیوں سمیت تقریباً دو درجن گاڑیوںکو نذر آتش کر دیا تھا۔ پی اے سی کے علاوہ دیگر اضلاع کی پولیس کو بھی طلب کر لیا گیا تھا۔