نئی دہلی:زراعت کے مرکزی وزیرمملکت سنجیو کمار بالیان نے اترپردیش میں دادری کے نزدیک بساڑا گاوں میں گائے کا گوشت موجود ہونے کی افواہ کے بعد ایک شخص کے قتل کو افسوسناک بتاتے ہوئے آج کہا کہ اس معاملے کو کسی سیاسی پارٹی یا فرقے سے نہیں جوڑا جانا چاہئے ۔مسٹر بالیان نے اخباری نمائندوں سے بات چیت میں کہا کہ پابندی کے باوجود اترپردیش میں بڑے پیمانے پر گائیوں کو ذبح کیا جاتا ہے ۔ اور ایسا کرنے والوں کو پولیس اور سماج وادی پارٹی کے کارکنوں کا تحفظ حاصل ہے ۔انہوں نے الزام لگایا کہ تھانوں میں جب گائے کے گوشت کا نمونہ دیا جاتا ہے تو اسے بدل دیا جاتا ہے ۔انہوں نے کہا کہ گ¶ کشی کا معاملہ ہندووں کے جذبات کا معاملہ ہے اور ریاستی سرکار کو سماجی مسائل کو موثر طریقے سے حل کرنا چاہئے ۔ انہوں نے کہا کہ دادری میں کشیدگی کم کرنے کی کوشش کی جانی چاہئے ۔زراعت کے وزیرمملکت نے کہا کہ دادری کا واقعہ منصوبہ بند نہیں تھا اور اس معاملے پر مقامی ممبرپارلیمنٹ مہیش شرما نے جو کچھ کہا ہے وہ اس کے ساتھ ہیں۔ انہوں نے معاوضہ کے بارے میں کہا کہ ریاستی سرکار کی پالیسی تعصب پر مبنی ہے ۔