لکھنؤ: ہزاروں سرمایہ کاروں کے کروڑوں روپئے ٹھگنے والی میگنم فائننس کمپنی کے ڈائرکٹر ارون چترویدی کی گرفتاری کے دوران ۷ستمبر کو گڑمبا تھانے کے ایک داروغہ اور سپاہی ان کی ایکس یو وی گاڑی اٹھا لے گئے جمعہ کو اس معاملہ میں داروغہ اور سپاہی کے خلاف عدالت کے حکم پر گڑمبا تھانہ میں لوٹ کی رپورٹ درج کی گئی ہے۔ کمپنی کے ایک منیجر نے اس بات کی تحریری شکایت پولیس سے پہلے بھی کی تھی لیکن پولیس نے اس معاملہ میں کوئی کارروائی نہیں کی۔
ذرائع کے مطابق جمعہ کو گڑمبا تھانہ میں تعینات کنور پرتاپ سنگھ اور معطل سپاہی رندھیر سنگھ کے خلاف گڑمبا تھانہ میں ہی لوٹ کی رپورٹ درج کرائی گئی ہے۔ الزام ہے کہ گذشتہ ۷ستمبر کو میگنم فائننس کمپنی کے منیجر ارون چترویدی کی گھر سے گرفتاری کے دوران دونوں پولیس اہلکار ان کی ایکس یو وی کار اٹھا لے گئے تھے۔ اس معاملہ میں ارون کے بھائی ورون نے گڑمبا پولیس سے شکایت بھی کی تھی۔ لیکن پولیس نے اس معاملہ میں کوئی کارروائی نہیںکی آخر میں ان لوگوں نے عدالت کی پناہ لی اور پوری بات عدالت کو بتائی۔ عدالت نے پولیس اہلکاروں پر عائد الزام کو سنجیدگی سے لیتے ہوئے دونوں پولیس اہلکاروں کے خلاف لوٹ کی رپورٹ درج کرنے کا حکم دیا۔جمعہ کو دونوں کے خلاف رپورٹ درج کر لی گئی۔
میگنم فائننس کمپنی کے معاملہ میں چند روز قبل ایک نیا موڑ اس وقت آیا جب کمپنی کے منیجر ارون اور ورون نے پولیس اہلکاروں کی بات چیت کی سی ڈی عدالت کو دستیاب کرائی۔ سی ڈی ایس ایس پی جے رویندر گوڑ تک پہنچی تو انہوں نے سپاہی رندھیر سنگھ کو معطل کرتے ہوئے سی او گومتی نگر کو جانچ سونپ دی۔ بدھ کو اسی معاملہ میں ایس ایس پی نے گڑمبا کے تھانہ انچارج آر پی یادو کو لائن حاضر کر دیا تھا۔ فائننس کمپنی کے معاملہ کی جانچ کر رہے ودیا ساگر گپتا نے بتایا کہ مذکورہ ایکس یو وی گاڑی منیجر کے ایک شناسا کے پاس موجود ہے۔ داروغہ اور سپاہی پر عائد لوٹ کا الزام غلط ہے۔