شام میں سرگرم دہشت گرد تنظیم ’داعش‘ نے یرغمال بنائے گئے 19 شامی شہریوں کو نہایت بے رحمی کے ساتھ قربانی کی جانوروں کی طرح الٹے لٹکا کر ذبح کردیے اور قتل عام کی ویڈیو بنا کر انٹرنیٹ پر پوسٹ کی ہے تاکہ مخالفین کو خوف زدہ کیا جاسکے۔
العربیہ ڈاٹ نیٹ نے داعش کی طرف سے جاری کردہ فوٹیج کے مناظر کو دکھانے سے گریز کیا ہے تاہم اس بھیانک واقعے کی تفصیلات بیان کی گئی ہیں۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق عید الاضحٰی کے پہلے روز شام میں داعشی جنگجوؤں نے قیدیوں کے سرخ لباس میں ملبوس 19 یرغمالیوں کو ایک عمارت میں پہنچایا جہاں انہیں قربانی کے جانوروں کی طرح الٹا لٹکایا گیا۔ بعد ازاں سفید کپڑوں میں ملبوس داعشی قصابوں نے ان انیس افراد کو ذبح کر ڈالا۔
دہشت گردوں کی طرف سے جاری کردہ بیان میں دعویٰ کیا گیا ہے کہ عید کے روز ذبح کیے گئے شامی امریکا اور ان کے مخالف گروپوں کے لیے جاسوسی کرتے رہے ہیں۔
یرغمالیوں کو ذبح کرنے سے قبل ایک دہشت گرد نے چیخ کر کہا کہ ’تم بھی قربانی دو اللہ قربانی قبول کرے، ہم صلیبیوں کے ایجنٹوں کی قربانی پیش کررہے ہیں‘۔ اس کے بعد جنگجو یکے بعد دیگرے چھت کے ساتھ سر کے بل لٹکائے گئے افراد کو ایک ایک کرکے ذبح کرتے اوران کے کٹے ہوئے گلوں پر پانی ڈالتے گئے۔
خیال رہے کہ داعش کی طرف سے مخالفین کو نہایت بے دردی کے ساتھ موت کے گھاٹ اتارے جانے کا سلسلہ نیا نہیں۔ جاسوسی اور دیگر الزامات کے تحت داعشی دہشت گرد مخالفین کو بھیانک سزائیں دینے میں دنیا بھر میں مشہور ہیں۔ داعش کے اس ہتھکنڈے کا مقصد مخالفین پر اپنا رعب طاری کرنا ہے۔