شام اور عراق میں قومی املاک پرڈاکے ڈالنے اور نہتے انسانوں کے وحشیانہ قتل عام میں ملوث تنظیم دولت اسلامی’’داعش‘‘ نے شام میں مبینہ طورپر چوری کے
جرم میں ایک شہری کا ہاتھ کاٹ ڈالا۔
العربیہ ڈاٹ نیٹ کے مطابق داعشی جنگجوشمال مشرقی شہر حلب کے مضافاتی علاقے منبج کے ایک رہائشی کو الامل اسپتال کے باہر مجمع میں لائے جہاں اس پر چوری کی ’شرعی حد‘ نافذ کرتے ہوئے اس کا ہاتھ کاٹ ڈالا۔
کسی شامی شہری پر چوری کی پاداش میں چوری کی سزا نافذ کیے جانے کا یہ پہلا واقعہ نہیں بلکہ اس تنظیم کا دامن اس طرح کے بے شمار خونی واقعات سے آلودہ ہے۔ اس سے قبل تنظیم کھلے عام یرغمالیوں کو ذبح کرنے اورانہیں نہایت بے دردی سے گولیاں مار کر ہلاک کرنے کے ساتھ لوگوں پر اپنا رعب بٹھانے کے لیے قتل عام کی ویڈیو بنا کر انٹرنیٹ پر پوسٹ کرتی رہی ہے۔