نئی دہلی۔ مائیکروسافٹ کے سرچ انجن اور ترجمہ کرنے والی ویب سائٹ بینگ کے ذریعہ شدت پسند تنظیم دولت اسلامیہ کے عربی میں نام داعش کا انگریزی میں ترجمہ سعودی عرب سے کئے جانے پر سوشل میڈیا پر اس کو لے کر زبردست ہنگامہ مچا ہوا ہے۔
انٹرنیشنل بزنس ٹائمس کے مطابق، سعودی عرب میں سوشل میڈیا کے صارفین نے مائیکروسافٹ اور بینگ دونوں کے بائیکاٹ کی اپیل کی ہے۔ صارفین کا کہنا ہے کہ مائیکروسافٹ نے ان کے ملک کو دہشت گردی سے جوڑنے کی کوشش کی ہے۔ وہیں، اس غلطی پر اپنی ندامت اور معذرت کا اظہار کرتے ہوئے سعودی عرب میں مائیکروسافٹ کے وائس پریسیڈنٹ اور نیشنل ٹیکنالوجی افسر ڈاکٹر ممدوح نجار نے ٹویٹ کیا کہ اس کمپنی ( مائیکروسافٹ) کا ایک ملازم ہونے کی حیثیت سے میں نجی طور پر سعودی عرب کے عوام سے معافی مانگتا ہوں۔
انہوں نے کہا کہ سعودی عرب ایک ایسا ملک ہے جو ہمارے دل سے بہت زیادہ قریب ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ غلطی سہوا ہوئی ہے اور ہم اس پر معذرت خواہ ہیں۔ بزنس ٹائمس کے مطابق نجار نے ہفنگٹن پوسٹ عربی کو بتایا کہ اس غلطی کی وجہ ’ممکنہ طور پرکراؤڈ سورس یا صارفین کی مدد والا ترجمہ ہے ‘ جس میں صارفین متبادل ترجمے تجویز کر سکتے ہیں۔