واشنگٹن: امریکا کے سیکریٹری دفاع ایش کارٹر نے امریکی کانگریس کو بتایا ہے کہ عراق اور شام میں داعش کے خلاف اہم آپریشن کے لیے خصوصی فوجی دستے روانہ کیے جائیں گے۔
خیال رہے کہ متعدد امریکی قانون سازوں کی جانب سے کارٹر اور جوائنٹ چیف آف اسٹاف کے چیئرمین جنرل جوزیف ڈانفورڈ پر زور دیا جارہا ہے کہ امریکا، داعش کے خطرے سے نمٹنے کے لیے بھرپور طاقت کا استعمال کرے۔
خبر رساں ادارے ایسوسی ایٹڈ پریس (اے پی) کے مطابق کارٹر نے ہاؤس کی آرمڈ سروس کمیٹی کو بتایا ہے کہ وقت کے ساتھ ساتھ یہ خصوصی فوجی دستے چھاپوں، مغویوں کو آزاد کروانے، خفیہ اطلاعات جمع کرنے اور داعش کے سربرابان کو گرفتار کرنے کا کام کریں گے۔
کارٹر کا کہنا تھا کہ داعش کے خلاف آپریشنز کے لیے بھیجے جانے والے خصوصی فوجی دستے عراقی سیکیورٹی فورسز کی تربیت اور عراقی سرحدوں کی حفاظت میں مدد بھی کریں گے جبکہ وہ شام میں داعش کے خلاف آپریشنز میں بھی مدد کرسکیں گے۔
انھوں نے کہا کہ یہ ایک نہایت ضروری صلاحیت ہے جو ہمارے پاس اس وقت موجود ہے۔ امریکی فورسز خفیہ اطلاعات کی رسائی کے حوالے سے بہتر ہیں اور یہ سب چیزیں ان کی شام میں مدد کریں گی۔
کارٹر کا کہنا تھا کہ مذکورہ فورسز صرف امریکی ہوگی تاہم شدت پسندوں سے لڑنے والے کردش اہلکاروں کو بھی ان آپریشنز میں شامل کیا جاسکتا ہے۔
خیال رہے کہ اکتوبر میں امریکی اور عراقی فورسز نے شمالی عراق میں موجود ایک اسیے کمپاؤنڈ پر چھاپا مارا تھا جہاں 70 سے زائد ایسے عراقی مفرور قیدی موجود تھے جن کو سزائے موت سنائی جاچکی تھی۔
مذکورہ آپریشن میں ایک امریکی ہلاک ہوا تھا جو اگست 2014 سے داعش کے خلاف شروع کی جانے والی مہم میں کسی بھی امریکی کی پہلی ہلاکت ہے۔
ایک امریکی عہدیدار نے نام ظاہر نہ کرنے کی شرط پر بتایا کہ عراق بھیجی جانے والے فورس میں سیکڑوں فوجی شامل ہوں گے، جن میں حملہ آور ٹیم، ہوائی بازی کے یونٹ اور دیگر امدای یونٹ بھی موجود ہوں گے۔