داعش نام کے کینسر کو دنیا میں پھیلنے نہیں دیا جائے گا
امریکی وزیر خارجہ جان کیری نے داعش کے عراق اور شام میں انسانیت کش ایجنڈے سے نمٹنے کے
لیے عالمی طور پر متحد ہونے کے لیے کہا ہے۔
امریکی وزیر خارجہ نے یہ اپیل ایک ایسے وقت پر کی ہے جب نیٹو ممالک کے رہنما ویلز میں اگلے ہفتے اکٹھے ہو رہے ہیں ۔ جان کیری کا کہنا ہے کہ ” اس حوالے سے امریکی قیادت میں ایک وسیع ترعالمی اتحاد نیز امکانی اتحادیوں اور معاونت فراہم کرنے والوں کی فہرست بنانے کی ضرورت ہے۔”
جان کیری نے مزید کہا ہے امریکی وزیر دفاع چک ہیگل نیٹو اجلاس کے موقع پر غیر رسمی طور پر اپنے روایتی اتحادی رہنماوں سے ملاقاتیں کر کے اس سلسلے میں تعاون ممکن بنائیں گے۔
دوسری جانب امریکی صدر براک اوباما بھی کہہ چکے ہیں کہ داعش کو شکست دینے کی خاطر جامع منصوبے کی تشکیل کی کوششیں جاری ہیں۔
واضح رہے داعش عراق اور شام کے وسیع علاقوں پر قبضہ کرکے اپنی خلافت کا اعلان کر چکی ہے۔ اس دوران وسیع پیمانے پر شہریوں کی ہلاکتیں بھی ہو چکی ہیں۔
جان کیری کا یہ بھی کہنا ہے کہ ” اوباما داعش سے نمٹنے کے لیے ماہ ستمبر میں سلامتی کونسل کی سربراہ کانفرنس میں ایک منصوبہ پیش کریں گے، انہوں نے کہا ” اس موقع کو ہم داعش سے دنیا کو لاحق خطرات سے آگاہ کرنے کے علاوہ ایک وسیع اتحاد کی تشکیل کے لیے استعمال کریں گے۔”
امریکی وزیر خارجہ کے مطابق ضرورت ہے کہ ایک غیر حقیقی نظریے اور قتل عام کے ایجنڈے کے خلاف عالمی اتحاد سیاسی، انسانی، معاشی ، انٹیلی جنس شئیرنگ افواج کی بنیاد پر قائم کیا جائے۔
انہوں نے یہ بھی امکان ظاہر کیا کہ چک ہیگل نیٹو اجلاس کے بعد مشرق وسطی کے ممالک کا تعاون حاصل کرنے کے لیے دورہ بھی کریں گے۔”
جان کیری نے دوٹوک الفاظ میں کہا ” ہم داعش کے کینسر کو پھیلنے کی اجازت نہیں دیں گے، اس کے خلاف دنیا کو اٹھنا ہو گا اور اسے شکست دینا ہو گی۔”