دنیا بھر سے اپنے حامیوں کو لڑائی کے لیے عراق اور شام آنے کی دعوت
سخت گیر دہشت گرد گروپ دولت اسلامیہ عراق وشام (داعش) نے اپنے زخمی خلیفہ ابوبکر البغدادی کا ایک آڈیو پیغام جاری کیا ہے جس میں انھوں نے دنیا بھر میں رہنے والے اپنے حامیوں سے کہا ہے کہ وہ عراق اور شام میں ان کے ساتھ لڑائی میں شامل ہوجائیں یا وہ جہاں کہیں بھی ہیں ،وہ ہتھیار اٹھالیں۔
داعش کے میڈیا سیل الفرقان نے جمعرات کو یہ آڈیو ریکارڈنگ جاری کی ہے اور اس کے بارے میں کہا ہے کہ یہ اس کے لیڈر ابوبکر البغدادی کی ہے۔اس سال کے اوائل میں عراق میں زخمی ہونے کے بعد ان کا یہ پہلا آڈیو پیغام ہے۔بعض میڈیا اطلاعات کے مطابق وہ اس وقت گروپ کو نہیں چلا رہے ہیں۔بعض اطلاعات میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ وہ مرچکے ہیں۔
یہ آڈیو ٹیپ مختلف ویب سائٹس پر پوسٹ کی گئی ہے اور اس میں بغدادی کی آواز میں بولنے والے صاحب کہہ رہے ہیں کہ ”کسی مسلم کے لیے دولت اسلامیہ کی جانب ہجرت نہ کرنے کا کوئی جواز نہیں رہا ہے۔اس کی لڑائی میں شرکت ہر مسلمان کا فرض ہے۔ہم آپ پر یہ زور دے رہے ہیں کہ (ہمارے ساتھ) شامل ہوجائیں یا جہاں کہیں آپ موجود ہیں،وہیں آپ ہتھیار اٹھا لیں”۔
اس آڈیو ٹیپ کی آزاد ذرائع سے تصدیق ممکن نہیں اور نہ اس کی تاریخ کا پتا چل سکا ہے۔واضح رہے کہ داعش کو اس وقت عراق میں ہزیمت میں سامنا ہے اور وہاں عراقی سکیورٹی فورسز اور شیعہ ملیشیاؤں نے حال ہی ایک بڑی مشترکہ کارروائی کے بعد شمالی شہر تکریت پر دوبارہ قبضہ کر لیا ہے۔
گذشتہ سال جون میں داعش کے خروج اور شمالی شہروں پر قبضے کے بعد عراقی فورسز پہلی مرتبہ انھیں پسپا کرنے میں کامیاب ہوئی ہیں اور ان کی فتح میں امریکا کی قیادت میں اتحادی ممالک کے طیاروں کی داعش کے ٹھکانوں پر تباہ کن بمباری کا بڑا کردار رہا ہے۔امریکی اتحادی شام میں بھی داعش کے ٹھکانوں پر فضائی حملے کررہے ہیں۔