دبئی: متحدہ عرب امارات (یو اے ای) کی ریاست دبئی میں سال نو کی تقریبات کے آغاز سے کچھ دیر قبل ایک فائیو اسٹار ہوٹل میں آتشزدگی کے نتیجے میں 16 افراد زخمی ہوگئے۔
خبر رساں ادارے ایف پی کے مطابق متاثرہ ہوٹل دنیا کے سب سے بڑے ٹاور برج الخلیفہ سے کچھ ہی فاصلے پر قائم ہے۔
دبئی پولیس کے چیف جنرل خامیس ماتر نے بتایا ہے کہ متاثرہ ہوٹل کے تمام رہائشیوں کو با حفاظت نکال لیا گیا ہے تاہم چار گھنٹوں کی مسلسل کوششوں کے بعد بھی آگ پر قابو نہیں پایا جاسکا۔
انھوں نے کہا کہ ’جب تک آگ پر قابو نہیں پالیا جاتا اس کی وجوہات نہیں بتائی جاسکتیں‘۔
دبئی پولیس کے میڈیا آفس نے اپنی ٹوئٹ میں کہا ہے کہ ’واقعے میں 14 افراد معمولی زخمی جبکہ ایک شخص کو درمیانی نوعیت کے زخم آئے ہیں اور لوگوں کے دھکیلنے کی وجہ سے ایک ہاٹ آٹیک کا کیس بھی رجسٹرڈ ہوا ہے‘۔
عینی شاہد رافیل سلاما کا کہنا ہے کہ آگ دبئی کے مقامی وقت کے مطابق 9 بجکر 30 منٹ پر لگی تھی اور اس نے دیکھتے ہی دیکھتے ہوٹل کی متعدد منزلوں کو اپنی لپیٹ میں لے لیا۔
آتشزدگی کے وقت ہوٹل کے قریب موجود ایک ہندوستانی شہری کمار نے بتایا کہ وہ اپنی اہلیہ کے ساتھ ہوٹل کے قریب کچھ فاصلے پر موجود تھا اور ’ہم نے درمیانی رات سے دو گھنٹے قبل ہوٹل کی بالائی منزل آگ لگی ہوئی دیکھی جس کے بعد لوگ ہوٹل سے بھاگ رہے تھے‘۔
ایک اور عینی شاہد سعودی سیاح محمد الماجد نے بتایا ’ہوٹل کی عمارت کے درمیانی حصے میں لگنے والی آگ انتہائی عجیب تھی جو کہ غائب ہوجاتی اور پھر دوبارہ عمارت کی متعدد منزلوں میں لگ جاتی تھی‘۔
خیال رہے کہ اس سے قبل دبئی حکام نے دعویٰ کیا تھا کہ سال نو کی آمد پر تقریبات کے حوالے سے آنے والے سیاحوں کی سیکیورٹی کو یقینی بنانے کے لیے ہزاروں سیکیورٹی اہلکار تعینات کردیئے گئے ہیں۔
یاد رہے کہ گزشتہ سال نومبر میں وسطی دبئی کے ایک رہائشی یونٹ میں لگنے والی آگ سے میٹرو سروسز معطل ہو گئی تھی تاہم اس سے کوئی جانی نقصان نہیں ہوا تھا۔
سال 2015 ہی کے ماہ فروری میں دبئی کی ایک طویل ترین عمارت میں آتشزدگی کا واقعہ پیش آیا تھا جس نے عمارت میں قائم متعدد پُرتعش فلیٹ جلا دیئے تھے۔