لکھنؤ۔ (نامہ نگار)۔ پارہ علاقہ میں رہنے والی ایک ۸۰ سالہ بزرگ عورت کی لاش درخت سے لٹکتی ہوئی ملی۔ پولیس کا کہنا ہے کہ عورت نے پھانسی لگاکر اپنی جان دے دی، وہیں پولیس خود کشی کی وجہ نہیں بتا سکی۔ پارہ کے سدرونا گاؤں کی رہنے والی ۸۰ سالہ بیوہ کھیلانا دیوی تنہا رہتی تھی اس کے نہ تو کوئی گھر تھا اور نہ ہی زمین ساری جائیداد پہلے ہی فروخت کر دی گئی تھی۔ کھیلانا دیوی کاکوری کے لکڑیا کھیڑا میں رہنے والے اپنے داماد راجہ رام کے ساتھ رہتی تھی۔کہاجاتا ہے کہ کسی وجہ سے ۱۵ دن قبل بیٹی کی سسرال سے واپس گاؤں آگئی اور دھریندر کے باغ میں پنی ڈال کر رہنے لگی۔ جمعرات کی صبح قریب ۸ بجے لوگوں نے دیکھا کہ کھیلانا دیوی کی لاش باغ میں لگے درخت میں رسی کے سہارے لٹک رہی تھی۔ اطلاع پاکر موقع پر پہنچی پولیس نے تفتیش کے بعد کھیلانا دیوی کی لاش کو پوسٹ مارٹم کیلئے بھیج دیا۔ پولیس کا کہنا ہے کہ کھیلانا دیوی نے پھانسی لگاکر خود کشی کی ہے لیکن پولیس خود کشی کے اسباب کے بارے میں کچھ بھی پتہ نہیں لگا سکی ہے۔ کھیلانا دیوی کی چار بیٹیاں تھیں جن میں سے ایک بیٹی کی موت ہو چکی ہے اور تین کی شادی ہو چکی ہے ۔