پٹنہ:بہار میں مکمل شراب بندی کے باوجود دسہرہ کے موقع پر لوگوں تک شراب پہنچانے کے اسمگلروں کے منصوبوں پر پانی پھیرتے ہوئے پولیس نے ریاست کے مختلف اضلاع سے بھاری مقدار میں شراب برآمد کرکے نو اسمگلروں کو گرفتار کیا ہے ۔
بہار میں گزشتہ 12 گھنٹوں کے دوران دارالحکومت پٹنہ سے متصل شہر ویشالی کے علاوہ سیوان، مدھوبنی، مظفر پور، کٹیہار اور جموئی ضلع سے پولیس نے بھاری مقدار میں شراب برآمد کی ہے ۔
حاجی پور سے موصول خبر کے مطابق، ویشالی ضلع کے بیلسر پولیس آؤٹ پوسٹ کے بی بی پور چوک کے نزدیک سے پولیس نے آج 480 بوتل غیر ملکی شراب کے ساتھ دو اسمگلروں کو گرفتار کر لیا۔
پولیس سپرنٹنڈنٹ راکیش کمار نے یہاں بتایا کہ اطلاع کی بنیاد پر بی بی پور چوک کے نزدیک ایک پک اپ وین سے 480 بوتل غیر ملکی شراب برآمد کی گئی ۔اس دوران اسمگلر گڈو کمار اور لال بابو رام کو گرفتار کر لیا گیا۔برآمد شراب اروناچل پردیش کی بنی ہوئی ہے ۔ سیوان سے موصولہ رپورٹ کے مطابق، ضلع کے جیرادوئی تھانہ علاقے میں شیام پور بازار کے قریب سیوان-میروا اہم راستے پر ایک دوسری پک اپ وین کی تلاشی لی گئی۔ اس دوران وین میں چھپا کر رکھی گئی 210 لیٹر مقامی شراب برآمد کی گئی۔ پک اپ وین میں سوار برجیش کمار، پرمود کمار اور مہیش یادو کو گرفتار کر لیا گیا۔
دوسری جانب مظفر پور سے موصول اطلاع کے مطابق، ضلع کے کڑھنی تھانہ علاقے کے پرشوتم گاؤں کے نزدیک قومی شاہراہ نمبر 77 پر ایک ٹرک سے بھاری مقدار میں شراب ملی ہے ۔ تاہم برآمد بوتلوں کی تعداد کی تصدیق نہیں ہو سکی ہے ۔
پولیس ڈپٹی سپرنٹنڈنٹ (مغربی) اجے کمار نے یہاں بتایا کہ اطلاع ملی تھی اسمگلر شراب کی بڑی کھیپ لے کر سڑک کے راستے آ رہے ہیں۔ اسی بنیاد پر پرشوتم گاؤں کے قریب ایک ٹرک کو روک کر تلاشی لی گئی۔ اس دوران سائیکل پارٹس کے درمیان چھپا کر رکھی گئی 250 کارٹن غیر ملکی شراب برآمد کی گئی۔ پولیس نے ٹرک ڈرائیور اور اسسٹنٹ کو گرفتار کر لیا ہے اور ان سے پوچھ گچھ کی جا رہی ہے ۔