گورکھپور(بھاشا)گگہا تھانہ حلقہ کے باسو ڈیہہ کہ ٹولہ بھاٹ پار میں کل دو فرقوں کے درمیان تشدد میں تقریباً ایک درجن لوگ زخمی ہوگئے ۔ پولیس نے آج بتایاکہ کل دلت بستی میں دوسرے فرقہ کے لوگوں نے مبینہ طور پر ہنگامہ کرتے ہوئے تین جھونپڑیوںکو نذر آتش کردیا۔ مشتعل بھیڑ نے بی ایس پی کے ضلع صدر رام نین آزاد کی گاڑی کو نقصان پہنچایا اور اس کی رہاہش گاہ پر حملہ کیا ۔پولیس کے مطابق کل ہوئے اس جھگڑے میں ایک درجن لوگ زخمی ہوگئے ۔ حالات کشیدہ دیکھتے ہوئے پی اے سی تعینات کردی گئی ہے ۔ بی ایس پی لیڈر کی شکایت پر ۴۳لوگوں کو نامزد کرتے ہوئے ۰۰۱ افراد پر مقدمہ درج کیاگیاہے ۔ دوسرے فرقہ کے لوگوں نے شکایت کی ہے ۔ ایس ایس پی پردیپ کمار نے اس واردات کو انجام دینے والوں پر کارروائی کرنے کی یقین دہانی کرائی ہے ۔ انہوں نے کہاکہ دلت بستی کے لوگوں کو پورا تحفظ دیا جائے گا ۔ اس درمیان بی ایس پی کے ریاستی صدر رام اچل راجبھر نے موقع واردات کا دورہ کرتے ہوئے ایس پی حکومت کی تنقید کی اور کہاکہ دلت استحصال کی واردات عروج پر ہے ۔ انہوں نے کہاکہ اگر قصورواروں پر کارروائی نہیںہوئی تو بی ایس پی کارکنان خاموش نہیں بیٹھے گی ۔