لکھنؤ۔(نامہ نگار)مایاوتی دلت کی نہیں دولت کی بیٹی ہے۔ انہوں نے وزیراعلیٰ رہتے ہوئے دلت کے سماج بالمیکی ،کھٹک ، کوری اور دھوبی سماج کو نظر انداز کیا یہی وجہ ہے کہ ان کا خواب ہمیشہ خواب ہی رہے گا۔ یہ بات ریاستی کانگریس کمیٹی کے جنرل سکریٹری ودلت لیڈر چودھری شیام لا ل پجاری نے پیر کو ریاستی کانگریس دفتر میں صحافیوں سے کہی۔ انہوں نے کہا کہ دلتوں کی ترقی اور ان کے وقار کی حفاظت صرف کانگریس ہی کرسکتی ہے۔ دلت سماج کو گاؤں کے پردھان سے لیکر صدر جمہوریہ اور ہائی کورٹ کے جج بننے کا موقع کانگریس پارٹی کے بدولت ہی ہوا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ مایاوتی نے موجودہ پارلیمانی انتخابات میں دلت سماج کے کسی بھی شخص کو امیدوار نہیں بنایا۔ کانگریس پارٹی نے بندوبست کے ذریعے ریاست میں بالمیکی ،صفائی مزدور طبقے کے چھ سو کاؤنسلر کو نامزد کیا تھا۔ جسے سماجوادی پارٹی اور بی ایس پی حکومتوں نے ختم کرکے دلت طبقے پر حملہ کیا۔ بی ایس پی حکومت میں دیہی علاقوں میں ایک لاکھ آٹھ ہزار بھرتیاں کی جانی تھیں۔ ان میں سے صرف آٹھ ہزار بالمیکی سماج کے لوگوں کوصفائی ملازمین کے عہدے پر بھرتی کرکے ان کے ساتھ ناانصافی کی گئی۔ چودھری شیام لال نے سماجوادی پارٹی پر الزام عائد کرتے ہوئے کہا کہ ملائم سنگھ یادو وزیراعظم بننے کے خواہش مند ہیں پہلے وہ ریاست غریبوں ، دلتوں، خواتین ،اقلیتوں اور پسماندہ طبقے کے حقوق کی حفاظت کے ساتھ ساتھ
ریاست میں نظم ونسق میں بہتری لائیں۔