ممبئی: بولی وڈ کے دبنگ اداکار سلمان خان کی فلمیں سینما پر لگیں اور لوگ ان کے گانوں پر رقص نہ کریں ایسا کیسے ہوسکتا ہے؟ بس یہی کچھ اداکار رنویر سنگھ نے بھی کیا۔
بولی وڈ لائف کی ایک رپورٹ کے مطابق حال ہی میں پیرس کے سنیما میں رنویر سنگھ، سلمان خان کی فلم ‘سلطان’ دیکھنے پہنچے۔
اس دوران رنویر نے سلمان کے گانے ‘بے بی کو بیس پسند ہے’ پر رقص کرنا شروع کردیا اور وہاں موجود تمام شائقین کی توجہ کا مرکز بن گئے۔
حال ہی میں میڈیا نمائندوں نے ایک تقریب کے دوران جب سلمان خان سے اس حوالے سے سوال کیا تو وہ کچھ خاص خوش نظر نہیں آئے۔
ان کا کہنا تھا کہ ‘میں ان کے سر پر کرسی توڑ دیتا، فلم دیکھنے گئے ہیں تو فلم دیکھیں، کرتب دکھانے کی ضرورت نہیں ہے، لوگ سلطان چھوڑ کر رنویر کو دیکھ رہے تھے، ہمیں رنویر سے پیسے لینے چاہئیں۔’
اب سلمان خان نے یہ بات غصے میں کہی یا مذاق میں، یہ تو وہی جانتے ہیں لیکن ایسا لگتا ہے کہ رنویر سنگھ کو ان کا یہ بیان پسند نہیں آئے گا۔
واضح رہے کہ سلمان خان کی فلم ‘سلطان’ اب تک باکس آفس پر 200 کروڑ روپے سے زائد کما چکی ہے۔
اس فلم میں سلمان خان کے ہمراہ انوشکا شرما نے مرکزی کردار ادا کیا تھا۔