انتفاضہ فلسطین حمایت کانفرنس کے دائمی سیکریٹریٹ نے عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ عالمی یوم القدس کے جلوسوں میں شرکت کر کے بعض عرب ملکوں کی جانب سے اسرائیل کے ساتھ تعلقات معمول پر لائے جانے کی مذمت کریں۔
انتفاضہ فلسطین حمایت کانفرنس کے دائمی سیکریٹریٹ کے جاری کردہ بیان میں ایران اور دنیا بھر کے عوام اور فلسطینی کاز کی حمایت کرنے والوں سے عالمی یوم القدس کے جلوسوں میں بھرپور طریقے سے حصہ لینے کی اپیل کی گئی ہے۔
اس بیان میں آیا ہے کہ ایران میں امام خمینی رح کی قیادت میں آنے والے اسلامی انقلاب نے فلسطین کے مظلوم عوام کی حمایت میں ایک نئے باب کا آغاز کیا ہے اور فلسطینی مجاہدین کو علاقائی اور عالمی سطح پر سیاسی، سماجی اور اخلاقی حمایت کا پلیٹ فارم مل گیا ہے۔
اس بیان میں یہ بات بھی زور دے کر کہی گئی ہے کہ عالمی یوم القدس، مسلم امہ کے لیے امید افزا تحریک کو مہمیز کرنے کا بہترین موقع ہے تاکہ اس دن پوری قوت کے ساتھ فلسطین کے مظلوم عوام کی حمایت میں آواز بلند کریں اور ان کو بتائیں کہ ہم آیت اللہ العظمی سید علی خامنہ ای کی قیادت میں سرزمین فلسطین اور بیت المقدس کی آزادی تک فلسطینی عوام کے ساتھ رہیں گے۔
دوسری جانب دفاع مقدس فاؤنڈیشن نے بھی اپنے بیان میں عالمی یوم القدس کو فلسطین کے مظلوم عوام کی حمایت میں امت مسلمہ کے اتحاد، استقامت اور عزم کا مظہر قرار دیا۔
دفاع مقدس فاؤنڈیشن کے جاری کردہ بیان میں کہا گیا ہے کہ عالمی سامراجی طاقتوں اور صیہونی قوتوں کی جانب سے عالمی یوم القدس کے نتائج اور ثمرات کی روک تھام کے باوجود، ہرسال فلسطینی کاز اور بیت المقدس کی حمایت میں امت مسلمہ کے جوش و ولولے میں اضافے کا مشاہدہ کیا جا رہا ہے اور غاصب صیہونی حکومت اور اس کے انسان دشمن حامیوں سے نفرت بڑھتی چلی جا رہی ہے۔
بیان میں آیا ہے کہ آج عظیم مشرق وسطی اور نیل سے فرات تک اسرائیل کے قیام کا خواب چکنا چور ہو گیا ہے اور اس کے مقابلے میں نہر سے بحر تک فلسطین، فلسطینیوں کی وطن واپسی، سرزمین فلسطین کے تمام فلسطینی باشندوں کی مشارکت سے ہمہ گیر اور آزادانہ ریفرنڈم کرائے جانے کی اسٹریٹیجی زور پکڑتی جا رہی ہے۔
قابل ذکر ہے کہ اسلامی جمہوریہ ایران کے بانی امام خمینی (رح) نے سن انیس سو اسّی میں ماہ رمضان المبارک کے آخری جمعے کو عالمی یوم القدس قرار دیا تھا اور اس کے بعد سے ساری دنیا کے مسلمان ہر سال اس دن فلسطین کے مظلوم عوام کی حمایت اور غاصب صیہونی حکومت کی مذمت میں مظاہرے کرتے ہیں۔