اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل بان کی مون نے اکیس ستمبر کو پوری دنیا میں چوبیس گھنٹے کی جنگ بندی کی اپیل کی ہے
اطلاعات کے مطابق اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل بان کی مون نے جمعرات کے روز ایک بیان میں دنیا کے مختلف علاقوں میں موجود متحارب گروہوں سے اپیل کی ہے کہ اکیس ستمبر کو عالمی یوم امن کی مناسبت سے جنگ بندی عمل میں لائیں- قابل ذکر ہے کہ اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی نے انیس سو اکیاسی میں اکیس ستمبر کو عالمی یوم امن قرار دیا تھا- “امن کے لئے شرکت” اس سال کے عالمی یوم امن کا نعرہ منتخب کیا گیا ہے- بان کی مون نے اپنے بیان میں دنیا کے مختلف علاقوں میں ہونے والی جنگوں میں شریک تمام گروہوں سے اپیل کی ہے کہ وہ جنگ بندی کرکے اور مسلحانہ جھڑپوں سے گریز کرتے ہوئے اس بات کا مظاہرہ کریں کہ تشدد اور لڑائی سے پاک دنیا میں رہا جا سکتا ہے- واضح رہے کہ اقوام متحدہ کی طرف سے ہر سال اکیس ستمبر کو عالمی یوم امن کی مناسبت سے مختلف پروگراموں کا انعقاد کیا جاتا ہے