ڈاکٹر محمد نجیب قاسمی کی انگریزی، ہندی اور اردو کتابوں کا اجراء
ریاض :یہاں ہند نزاد سعودی وعالمی شہرت یافتہ محدث وشاہ فیصل ایوارڈ یافتہ ڈاکٹر محمد مصطفی اعظمی کے بدست ڈاکٹر محمد نجیب قاسمی کی اردو، انگریزی اور ہندی زبان میں38 الیکٹرونک کتابوں کا اجراء عمل میں آیا اور دنیا کی پہلی اسلامی موبائل ایپس (دین اسلام اور حج مبرور) نئی خصوصیات کے ساتھ لانچ کی گئی۔
دارالعلوم دیوبند کے مہتمم مولانا مفتی ابو القاسم نعمانی، ممبر آف پارلیمینٹ مولانا محمد اَسرار الحق قاسمی اور وزارت اقلیتی بہبود میں لسانیات کے کمشنر پروفیسر اختر الواسع نے ان کتابوں کی تقریظ تحریر فرمائی ہے ۔
کتابوں کا اجراء کرتے ہوئے ڈاکٹر محمد مصطفی اعظمی نے مدارس عربیہ کے نصاب تعلیم میں تبدیلی لانے پر بھی زور دیا تاکہ مدارس کے فضلاء جہاں مدارس اور مساجد کی ذمہ داری سنبھالے وہاں انہیں یہ بھی معلوم ہو کہ دنیا میں کیا ہورہا ہے اور کیسے ہورہا ہے ۔
انہوں نے یہ الزام لگاتے ہوئے کہ بعض مسلم مخالف طاقتیں حتی کہ بعض حکومتیں اسلام او رمسلمانوں کو ختم کرنے کے لئے اپنی طاقت کا بھرپور استعمال کررہی ہیں اور قرآن کریم کے خلاف متعدد قسم کے اعتراضات پیش کرکے عام مسلمانوں کو شک وشبہ میں ڈالنے کی کوشش کی جارہی ہے ،کہا کہ مسلمانوں کو فروعی مسائل میں الجھنے کے بجائے قرآن وحدیث کی حفاظت کے لئے ہر ممکن کوشش کرنی چاہئے ۔
قابل ذکر ہے کہ ڈاکٹر محمد مصطفی اعظمی پہلے شخص ہیں جنہوں نے احادیث کی عربی عبارتوں کو کمپیوٹر ائز کیا۔ بعض کتب حدیث کی اشاعت موصوف کی تخریج وتحقیق کے بعد ہی دوبارہ ممکن ہوسکی۔ موصوف کی متعدد کتابیں دنیا کی مختلف یونیورسٹیوں کے نصاب میں داخل ہیں۔
ماہرتعلیم ڈاکٹر ندیم ترین نے بھی ڈاکٹر نجیب قاسمی کی کاوشوں کو سراہتے ہوئے نیک تمنائیں پیش کیں ۔ جامعہ ملیہ اسلامیہ المنائی ایسوسی کے بانی رکن ڈاکٹر شفاعت اللہ خان نے کہا کہ انٹر نیٹ ایک ایسا ٹول ہے جسے ہم تعلیمی مقاصد، دعوت وتبلیغ، اسلام اور مسلمانوں سے متعلق غلط فہمیوں کو دور کرنے اور ریسرچ کے کاموں میں استعمال کرسکتے ہیں۔ ڈاکٹر نجیب قاسمی کی تمام انگریزی کتابوں کی ایڈیٹنگ کرنے والے کنگ سعود یونیورسٹی کے عدنان محمود عثمانی نے کہا کہ ابتداء اسلام سے ہی دین اسلام کی خدمت کے لئے مختلف زبانوں کو استعمال کیا گیا ہے ۔ آج بھی مختلف زبانوں خاص کر انگریزی زبان میں کام کرنے کے اشد ضروت ہے ۔مولانا عبد الرحمن عمری نے نظامت کے فرائض بحسن خوبی انجام دئے ۔
ڈاکٹر نجیب قاسمی نے دونوں ایپس (دین اسلام اور حج مبرور) کی خصوصیات بیان کرتے ہوئے کہا کہ نئی ٹکنالوجی استعمال کرکے یہ دونوں ایپس اس طرح تیار کی گئی ہیں کہPlay Store یا App Storeمیں نجیب قاسمی یا حج مبرور یا دین اسلام تحریر کرکے صرف دو منٹ میں انسٹال کی جاسکتی ہیں۔ حج وعمرہ سے متعلق ایپ (حج مبرور) انسٹال کرنے کے بعد حجاج کرام کو حج وعمرہ کے لئے کتابیں ساتھ لے کر جانے کی ضرورت نہیں ہے ۔ہندوپاک کے مشہور علماء کرام ودانشوران نے مسلمانوں سے دونوں ایپس سے استفادہ کرنے کی اپیل کی ہے ۔