داعش کا کہنا ہے کہ اسلامی ریاست شمالی شام کے شہر حلب سے مشرقی عراق میں دیالہ صوبے تک ہوگی
جہادی جنگجو گروپ دولت اسلامی عراق و شام (داعش یا آئی ایس آئی ایس) کے رہنما نے ایک آڈیو پیغام میں دنیا بھر کے مسلمانوں سے عراق اور شام ہجرت کر کے اسلامی ریاست کی تعمیر و تشکیل میں تعاون کی اپیل کی ہے۔
داعش کے ’خلیفہ‘ ابوبکر البغدادی نے مسلمانوں کو ’اسلامی مملکت‘ کی طرف ہجرت کی دعوت دی اور کہا کہ یہ فرض ہے۔
دنیا, مشرقِ وسطٰی
انھوں نے بطور خاص ججوں، ڈاکٹروں، انجینیئروں، فوجی تربیت یافتہ اور انتظامی امور کی مہارت رکھنے والوں سے اپیل کی ہے۔
داعش کا کہنا ہے کہ وہ شام اور عراق میں اپنے کنٹرول والے علاقوں میں ایک اسلامی مملکت یا خلافت اسلامیہ قائم کر رہی ہے۔
منگل کو جاری ایک نئے آڈیو پیغام میں ابو بکر البغدادی نے کہا: ’اے مسلمانو، اپنی مملکت کی جانب تیزی سے بڑھو۔ یقیناً یہ تمہاری ریاست ہے۔ آگے بڑھو کیونکہ شام صرف شام کے لوگوں کا نہیں اور عراق صرف عراقیوں کے لیے نہیں ہے۔‘
بغدادی نے مزید کہا: ’تمام ممالک کے مسلمان جو اسلامی ریاست کے لیے ہجرت کرنے کے قابل ہیں انھیں ایسا کرنا چاہیے کیونکہ اسلامی سر زمین کی طرف ہجرت کرنا فرض ہے۔‘
ابوبکر البغدادی کے بارے میں زیادہ معلومات نہیں ہیں
انھوں نے اس سے قبل اتوار کو رمضان کے مہینے کے دوران جنگجوؤں سے جنگ میں تیزی لانے کی بات کہی تھی۔
19 منٹ کے اس آڈیو پیغام میں کہا گیا ہے کہ ’رمضان کے مقدس مہینے میں اللہ کے راستے میں جہاد سے بہتر کوئی اور کام نہیں ہے اس لیے اس موقعے کا فائدہ اٹھائیں اور اپنے آبا و اجداد کی راہ پر قائم رہیں۔‘
اپنے آڈیو پیغام میں انھوں نے وسطی افریقی ممالک سے لے کر برما تک کا نام لیا اور کہا کہ جن ممالک میں مسلمانوں کے خلاف ظلم ہو رہے ہیں ’اللہ کی قسم ہم ان سے بدلہ لیں گے، ذرا دیر لگے گی، لیکن ہم بدلہ لیں گے۔‘
ابوبکر البغدادی کے بارے میں بہت زیادہ معلومات نہیں ہیں کیونکہ وہ ویڈیو پیغام کی جگہ آڈیو پیغام کا سہارا لیتے ہیں۔
اس تنظیم کا کہنا ہے کہ اسلامی ریاست شام کے شمالی شہر حلب سے مشرقی عراق میں دیالہ صوبے تک ہوگی۔
واضح رہے کہ گذشتہ ماہ کے دوران داعش کے جنگجوؤں نے عراقی فوج سے ایک بہت بڑا علاقہ اپنے قبضے میں لے لیا ہے اور کئی شہروں کے لیے جنگ جاری ہے۔
اقوام متحدہ کا کہنا ہے کہ عراق میں جاری ’تشدد اور انتہا پسندی‘ میں جون میں 2417 عراقی مارے گئے ہیں، اس میں سے 1531 عام شہری ہیں۔