نئی دہلی :کل ہند کانگریس کے جنرل سکریٹری دگ وجے سنگھ نے آج مرکزی وزیر صحت غلام نبی آزاد کو خط لکھ کر مدھیہ پردیش کے ایک اسپتال میں سو افراد پر دواؤں کے تجربے کے معاملے کی جانچ کا مطالبہ کیا۔مسٹر آزاد کو لکھے گئے ایک خط میں مسٹر سنگھ نے کہا کہ میں آپ کی توجہ ایک بڑے اسکینڈ ل کی طرف دلانا چاہتا ہوں جو مدھیہ پردیش کے سرکاری میڈیکل کالجوں میں سامنے آیا ہے جہاں مریضوں پر دواؤں کا تجربہ کیا گیا ہے اور جس میں سو سے زائد افراد کی موت ہوئی ہے۔ریاست کی شیو راج سنگھ چوہان حکومت پرقصورواوں کو بچانے کا الزام لگاتے ہوئے مسٹر سنگھ نے کہا کہ ڈاکٹروں کو جنہوں نے دواؤں کے تجربے کے سلسلہ میں حکومت ہند کے ضابطوں کی پابندی نہیں کی ہے ، موٹی رقم دی گئی ہے اور اب ریاستی حکومت ان ڈاکٹروں کو بچانے کی کوشش کررہی ہے جس کی جانچ کی جانی چاہئے۔