گذشتہ پیر کو ڈی ڈی اردو پر ”رنگِ سخن “ کا چوتھا ایپی سوڈ نشر کیا گیا۔ پیر سے جمعہ تک روزانہ نو بجے صبح نشر ہونے والے رنگِ سخن کے تیرہ سلسلوں میں اردو شاعری کے مختلف موضوعات پر سیر حاصل گفتگو کے ساتھ ساتھ ملک کے مشہور گلوکاروں کی آواز کا جادو بھی اس پروگرام میں دیکھنے کو مل رہا ہے۔
اردو کے جانے مانے صحافی ،کالم نگار،دوردرشن پر اردو کی خبروں سے الگ پہچان بنانے والے نیوز اینکر،اداکار، ادیب اورشاعر تحسین منور نے رنگ سخن میں اپنی دلچسپ اینکرنگ سے چار چاند لگانے کا کام کیاہے۔رنگِ سُخن میں جمالیات ، ماں، مثنوی،غیر مسلم شعرا اور نعت گوئی،مسلم شعرا اور ہندو دیوی دیوتا اورتہذیب،عورت، طنز ومزاح،تہوار،حب الوطنی، ترقی پسند تحریک، زندان نامہ، فطرت اور مراثی جیسے موضوعات کو بالکل مختلف انداز میں چھوا گیا ہے۔
ان موضوعات کی تحقیق میں ڈاکٹر سید مبین زہرا نے غیر اردو داںافراد کے مزاج کو بھی ذہن میں رکھا ہے۔پروگرام میں پدم شری پروفیسر اخترالواسع،ساہتیہ اکادمی سے وابستہ ادیب اور شاعرچندر بھان خیال،شاعر و ادیب فرحت احساس ،طابش مہدی،ڈاکٹر ابو ربّانی ،خالد اشرف،عظیم اختر،اشرف عارفی ،شمیم طارق، مزاحیہ شاعر اسرار جامعی ،ڈاکٹر مشتاق صدف اورشمس رمزی نے شرکت کی ہے۔ اس کے علاوہ دہلی ،کشمیر اور رام پور کے مشہور گلوکاروں جمیل احمد خان ،دھننجے کول ،سُمن دیوگُن ،مدھومتا بوس ،عمران علی خان اور یوسُف نظامی نے بالکل نئے انداز میں مختلف شعرا کے کلام کو اپنی دلفریب آواز میںپیش کیا ہے۔جمیل احمد خان رام پور گھرانے سے تعلق رکھتے ہیں اور انہےں شیام بنیگل کی فلم جنون میں گانے کے لئے بھی یاد کیا جاتا ہے۔
’رنگِ سُخن ‘ کو ڈی ڈی اردو کے لئے چترکلپاپروڈکشن کے پروڈیوسر سنجے ملہوترا نے تیار کیا ہے۔کشمیر یونیورسٹی سے ماس کمیونیکیشن کرنے والی شیبا لطیف کی ہدایت میں یاسین پنڈت نے پروڈکشن ڈیزائین کیا ہے۔پروگرام نوئیڈا کے بی کے پی اسٹوڈیو کے خوبصورت سیٹ پر شوٹ ہوا ہے ۔”رنگِ سخن “ اردو کے لئے ٹیلی ویژن پرو ڈکشن میں ایک نیا اضافہ کہا جا سکتا ہے۔