بھوبنیشور۔ ہاکی چمپئن ٹرافی کیلئے ہندوستان میں موجود پاکستانی ٹیم کیلئے سخت سیکیورٹی انتظامات کیے گئ ے ہیں۔اسپیشل کمانڈوز اور پولیس کی 4 گاڑیاں حفاظت پر مامور ہیں، پولیس آ فیشل ستیا بھراتا بھوئی کا کہنا ہے کہ کسی قسم کا خطرہ نہ ہونے کے باوجود گرین شرٹس پر دوسری ٹیموں کی بانسبت زیادہ توجہ دے رہے ہیں۔ تفصیلات کے مطابق چمپئن ٹرافی ہاکی ٹورنامنٹ ہفتے سے ہندوستانی شہر بھوبنیشور میں شروع ہورہا ہے۔ ایونٹ میں شرکت کیلئے پاکستان ، آ سٹریلیا، انگلینڈ اور بلجئم سیمت تمام ٹیموں نے میزبان شہر میں ڈیرے ڈال دیے ہیں۔ منگل کو پہنچنے والی پاکستانی ٹیم کو انتہائی سخت سیکیورٹی میں ہوٹل سے اسٹیڈیم پریکٹس کے لیے لایا جاتا ہے، ٹورنامنٹ میں شریک دیگر ٹیموں کیلیے اسپیشل کمانڈوز اور پولیس کی 2گاڑیاں ڈیوٹی سر انجام دیتی ہیں جبکہ پاکستانی کھلاڑیوں کیلئے ان کی تعداد دگنی ہے۔ڈپٹی سپرنٹنڈنٹ آ ف پولیس ستیا بھراتا بھوئی کا کہنا ہے کہ خفیہ اداروں کی جانب سے ملنے والی رپورٹ میں کسی بھی ٹیم کیلئے سیکیورٹی کے خدشات نہیں ہیں تاہم ہم نے یہ قدم پاکستانی کھلاڑیوں کو فول پروف سیکیورٹی فراہم کرنے کی غرض سے اٹھایا ہے۔ انھوں نے کہا کہ 6 دسمبر سے 14 تک جاری رہنے والے ایونٹ کے دوران 26 پلاٹون نفری غیر ملکی ٹیموں کی حفاظت پر معمور ہوگی، پولیس اسپیشل آ پریشن گروپ میچز کے موقع پر اسٹیڈیم کے اندر موجود رہے گا۔ دوسری طرف معلوم ہوا ہے کہ ٹورنامنٹ شروع ہونے سے 2 روز قبل ہی گرائونڈ کو عام افراد کیلئے بند کردیا گیا۔جس ہوٹل میں غیرملکی ٹیمیں قیام پذیر ہیں وہاں پر بھی پولیس کی خصوصی نفری تعینات ہے، غیرملکی کھلاڑیوں کیلئے 2 ایڈیشنل ڈپٹی کمشنرآف پولیس، 6 اسسٹنٹ کمشنرز، 10 انسپکٹرزاور 100 اہلکاروں کے ہمراہ اسپیشل فورسز کے کمانڈوز بھی سیکیورٹی کے فرائض سرانجام دیں گے۔