بولی وڈ دبنگ اداکار سلمان خان کا کہنا ہے کہ انہوں نے بولی وڈ میں کئی سال گزار لیے ہیں اور بہت کچھ سیکھا ہے اب وہ مزید فلمیں دوستی کے نام پر نہیں کریں گے۔
ہندوستان ٹائمز کے مطابق سلمان خان کا کہنا تھا کہ بولی وڈ میں 27 سال گزارنے کے بعد وہ اپنے کیرئیر کے اس مقام پر آچکے ہیں جہاں وہ فلموں میں کام دوسروں کو خوش کرنے کے لیے نہیں کریں گے۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ ان کے پاس فلموں میں کام کرنے کا وقت ہوتا تو وہ ہر دوسری فلم کرنے کے لیے رضامندی کا اظہار کردیتے اور سوچتے کہ انکار کرنے سے ان کی دوستی میں مسائل پیدا ہوسکتے ہیں۔
سلمان خان نے بولی وڈ میں ’پریم‘ نام کے رومانوی کردار سے آغاز کیا تھا جس کے بعد انہوں نے اپنی پہنچان ایک ایکشن ہیرو کی بنالی۔
اپنی فلموں کے حوالے سے سلمان کا کہنا تھا کہ اب وہ ایسی فلموں میں کام کرنا چاہتے ہیں جو دیکھنے والوں کو ایک بہتر انسان بناسکیں۔
سلمان کے مطابق وہ کئی سالوں سے ایکشن فلموں میں کام کر رہے ہیں جس کے بعد فلم ’پریم رتن دھان پایو‘ میں رومانوی کردار ادا کرکے انہیں کافی خوشی محسوس ہوئی اور وہ مزید اس طرح کی فلموں میں کام کرنے کا ارادہ رکھتے ہیں۔