میر پور۔سری لنکا نے دوسرے ایک روزہ میچ میں میزبان بنگلہ دیش کو61 رن سے شکست دے دی ہے۔سری لنکا نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے بنگلہ دیش کو جیتنے کے لیے 290 رن کا ہدف دیا تھا۔واب میں بنگلہ دیش کی ٹیم 43 اوورز میں 228 رن بنا کر آؤٹ ہوگئی۔جمعرات کو ڈھاکہ میں کھیلے جانے والے میچ میں سری لنکا نے ٹاس جیت کر پہلے کھیلنے کا فیصلہ کیا۔سری لنکا کا آغاز اچھا نہ تھا اور اس کے دونوں اوپنر 34 رن کے مجموعی سکور پر آؤٹ ہوگئے۔اس موقع پر کماراسنگاکارا نے
پرینّجن کے ساتھ مل کر ٹیم کو سنبھالا اور چوتھی وکٹ کے لیے 114 رن کی شراکت قائم کی۔اس دوران سنگاکارا نے اپنی سنچری بھی مکمل کی۔ وہ 128 رن بنا کر آؤٹ ہوئے۔پریّنجن نے بھی نصف سنچری بنائی اور وہ 60 رن بنا کر روبیل حسن کی وکٹ بنے۔آخر میں اینجلو میتھیوز کی جارحانہ بلے بازی کی بدولت سری لنکن ٹیم 289 رن کے سکور تک پہنچنے میں کامیاب رہی۔میتھیوز نے 39 گیندوں پر چھ چوکوں اور ایک چھکے کی مدد سے 56 رن کی اننگز کھیلی۔بنگلہ دیش کی جانب سے روبیل حسین تین وکٹوں کے ساتھ سب سے کامیاب بولر رہے۔بنگلہ دیش کی ٹیم کی جانب سے اے حق نے 42 اور مشفیق الرحیم نے 79 رن سکور کیے۔ ان دونوں بلے بازوں کے علاوہ کوئی بھی بلے باز جم کر نہ کھیل سکا۔اس ون ڈے سیریز میں سری لنکا کو دو صفر کی برتری حاصل ہو گئی ہے۔