میرٹھ (بھاشا)اترپردیش میں میرٹھ ضلع کے تھانہ کنکرکھیڑاعلاقہ میں ایک دوشیزہ کی مبینہ طورسے زہر کھانے کی بعد موت ہوگئی۔علاقہ کے لوگوںکا الزام ہے کہ دوشیزہ کی اجتماعی آبروریزی کے بعد ملزمین کے ذریعہ زہر کھلا کر قتل کیا گیاہے۔واردات سے ناراض علاقہ کے لوگوں نے آج ایس ایس پی کی رہائش گاہ پر مظاہرہ کرکے ملزمین کے خلاف مقدمہ درج کرنے کا مطالبہ کیا۔پولیس نے لاش کا پوسٹ مارٹم کرایاہے اس کا کہناہے کہ پوسٹ مارٹم رپورٹ ملنے کے بعد واردات کے بارے میں کچھ کہا جاسکے گا۔
فی الحال پولیس نے ملزمین کے خلاف خودکشی کے لئے اکسانے کے الزام میں مقدمہ درج کرکے ان کوگرفتارکرلیاہے ۔کنکر کھیڑا پولیس نے متوفیہ کے گھر والوں کے ذریعہ دی گئی اطلاع کی بنیاد پر اتوار کو کہا کہ کنکرکھیڑاعلاقہ کی رہنے والی لڑکی کے گھر میں ۳۱؍اگست کی دیر شام دونوجوا ن گھر میں گھس آئے تھے واردات کے وقت دوشیز ہ کے گھر والے پڑوس کے ضلع مظفرنگر رشتہ داری میںگئے تھے ۔ نوجوانوں کو گھر میں دیکھ کر لڑکی نے گھبراہٹ میں زہر کھالیاجس سے اس کی موت ہوگئی۔پولیس نے کہا کہ اس معاملے میں لڑکی کے گھروالوں نے پڑوس کے ہی شاداب اوراس کے ایک دوست کے خلاف تحریر دی ہے۔تحریر میں اجتماعی آبروریزی کے بات نہیں کہی گئی ہے ۔ کنکر کھیڑاپولیس کے مطابق شاداب اوراس کے دوست کوگرفتارکرکے ان سے تفتیش کی جارہی ہے۔