سیونی:مدھیہ پردیش کے سیونی میں دو فریقوں کے درمیان پرانے تنازعہ کی وجہ سے ایک بار پھر کشیدگی پیدا ہوگئی ہے جس کی وجہ سے سیونی ضلع ہیڈکوارٹر اور برگھاٹ کے گاؤں بوری میں دفعہ 144 کا نفاذ کر دیا گیا ہے ۔ پولیس سپرنٹنڈنٹ اے کے پانڈے نے یواین آئی کو بتایا کہ برگھاٹ بلاک میں گزشتہ سال اکتوبر کے مہینے میں دو فریقوں کے درمیان تنازعہ کی وجہ سے برگھاٹ کے کچھ علاقوں میں کرفیو لگا تھا۔ اس کیس کے ملزمان کو کل ضمانت ملی تھی جس کے بعد کچھ لوگوں نے کل ریلی نکالنے کی کوشش کی۔ ریلی کے بعد دونوں فریقوں کے درمیان پھر سے تنازعہ بڑھنے لگا۔ مسٹر پانڈے نے بتایا کہ امن میں خلل پڑنے کے خدشے کی وجہ سے کل رات سے بوری گاؤں اور سیونی ضلع ہیڈکوارٹر میں دفعہ 144 نافذ کر دیاگیاہے ۔واضح رہے کہ گزشتہ سال اکتوبر میں گاڑی کی ٹکر سے پیدا ہوئے تنازعہ کے بعد کچھ نوجوانوں نے بھارتیہ جنتا پارٹی کے لیڈر کپورچند ٹھاکرے کی بری طرح پٹائی کی تھی۔ حملے میں بری طرح زخمی مسٹر ٹھاکرے کی علاج کے دوران ناگپور میں موت ہو گئی تھی۔ اس کے بعد برگھاٹ میں کشیدگی پھیل گئی تھی، جس کی وجہ سے وہاں بہت دن تک کرفیو لگا رہا۔ تازہ معاملہ اسی تنازعہ سے منسلک ہے ۔