اب ضرورت اس امر کی ہے کہ عراقی افواج آگے بڑھ کر ان علاقوں کا کنٹرول حاصل کریں جن پر جنگجوؤں قابض ہیں: اوباما
امریکی صدر براک اوباما نے کہا ہے کہ پندرہ سو مزید امریکی فوجیوں کی عراق روانگی سے شدت پسند تنظیم دولت اسلامیہ کے خلاف جنگ نئے مرحلے میں داخل ہو گئی ہے۔
صدر اوباما نے سی بی ایس ٹی وی کے ساتھ ایک انٹرویو میں کہا کہ انھوں نے جن پندرہ سو امریکیوں کو عراق روانہ کیا ہے وہ لڑائی میں براہ راست حصہ نہیں لیں گے لیکن ان کی عراق میں موجودگی سے عراقی افواج کے حملہ کرنے کی صلاحیت بڑھ جائےگی۔
امریکہ اور اس کے اتحادی عراقی افواج کی دولت اسلامیہ کے جنگجوؤں کے ہاتھوں پسپائی کے بعد عراقی افواج کی مدد کو آئے ہیں۔ دولت اسلامیہ نے شام اور عراق کے وسیع علاقوں پر قبضہ جما رکھا ہے۔
امریکہ اور اس کے اتحادی عراقی اور کرد افواج کی مدد کے لیے دولت اسلامیہ کے خلاف فضائی کارروائی میں مصروف ہیں اور گذشتہ دو مہینوں میں دولت اسلامیہ کے ٹھکانوں پر سینکڑوں فضائی حملے کیے جا چکے ہیں۔
اطلاعات کے مطابق عراقی افواج نے بیجی شہر کے بڑے حصے پر دوبارہ قبضہ حاصل کر لیا ہے۔ اس شہر میں عراق کی سب سے بڑی آئل ریفائنری واقع ہے۔
عراقی حکام کا کہنا ہے عراقی افواج بیجی شہر کے 50 فیصد حصے پر قابض ہیں۔ بیجی بغداد سے 200 کلو میٹر کے فاصلے پر واقع ہے۔
دولتِ اسلامیہ کے جنگجوؤں نے عراق اور شام کے وسیع علاقوں پر غلبہ قائم کر رکھا ہے
امریکی صدر براک اوباما نے کہا ہے کہ پہلے مرحلے میں عراقی افواج کو سارے عراق کی افواج بنانا اور اسے بااعتبار فوج بنانا تھا: ’پہلا مرحلہ طے ہو گیا ہے اور اب نہ صرف آگے بڑھتی ہوئی دولت اسلامیہ کو روکا جا چکا ہے بلکہ اب ہم اس پوزیشن میں ہیں کہ ان پر حملہ کر سکیں۔‘
امریکی صدر نے کہا کہ شدت پسندوں کے خلاف فضائی کارروائیوں سے ان کی آگے بڑھنے کی صلاحیت کم ہوئی ہے اور اب ضروری ہے کہ عراقی افواج دولت اسلامیہ کے جنگجوؤں کے خلاف آگے بڑھیں اور ان کو ان علاقوں سے بے دخل کریں جہاں پر انھوں نے قبضہ کر لیا تھا۔
امریکی صدر کی طرف سے پندرہ سو فوجیوں کی عراق روانگی سے عراق میں موجود امریکی فوجیوں کی تعداد تین ہزار سےتجاوز کرگئی ہے۔
امریکی افواج دولت اسلامیہ کے جنگجوؤں کے خلاف زمینی کارروائیوں میں حصہ نہیں لے رہے بلکہ وہ عراقی افواج کی تربیت اور رہنمائی کر رہے ہیں
پینٹاگون کی طرف سے جاری ہونے والے ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ امریکی افواج نو عراقی اور تین کرد بریگیڈوں کو تربیت مہیا کریں گے اور اس مقصد کے لیے مراکز بنائے جائیں گے۔
امریکی صدر سے جب پوچھا گیا کہ کیا وہ مزید فوجی عراق بھیجنے کا ارادہ رکھتے ہیں تو انھوں نے کہا کہ بطور کمانڈر انچیف وہ کبھی بھی ’نہ‘ نہیں کہیں گے۔
ہمارے پاس مصدقہ اطلاعات ہیں کہ بغدادی امریکی حملے میں زخمی ہوئے ہیں: عراقی وزیر دفاع خالد العبیدی
امریکی جنگی طیاروں نے جمعے کے روز عراق کے شمالی شہر موصل کے قریب شدت پسند تنظیم دولت اسلامیہ کے ایک اجتماع کو نشانہ بنایا تھا۔ کچھ اطلاعات کے مطابق دولت اسلامیہ تنظیم کے سربراہ ابوبکر البغدادی اس حملے میں زخمی ہو گئے ہیں۔ ان اطلاعات کی آزاد ذرائع سے تصدیق نہیں ہو سکی۔
دولت اسلامیہ کے حامیوں نے ان اطلاعات کی تردید کی ہے کہ ابوبکر البغدادی اس اجتماع میں موجود تھے جس پر امریکی طیاروں نے حملہ کیا تھا۔
البتہ عراق کے وزیر دفاع اور وزارت داخلہ کی اطلاعات کے مطابق ابوبکر البغدادی امریکی حملے میں زخمی ہوئے ہیں۔
عراق کے وزیر دفاع خالد العبیدی نے اپنے فیس بک کے صفحے پر لکھا: ’ہمارے پاس مصدقہ اطلاعات ہیں کہ جمعے کی شام کو موصل کے قریب امریکی طیاروں کی کارروائی میں بغدادی زخمی ہو گئے ہیں۔‘
وزیر دفاع نے مزید لکھا کہ ابوبکر البغدادی کے نائب ابو مسلم الترکمانی اس حملے میں ہلاک ہوئے ہیں: ’میری خدا سے دعا ہے کہ وہ ابوبکر البغدادی کی صحت یابی میں مدد نہ کرے تاکہ وہ جلد مر جائے۔‘
البتہ وزارت داخلہ کے ایک اہلکار نے امریکی خبر رساں ادارے اے پی کو بتایا کہ ابوبکر البغدادی جمعے کے روز نہیں بلکہ سنیچر کے روز امریکی طیاروں کی کارروائی میں زخمی ہوئے ہیں لیکن امریکی طیاروں کا یہ حملہ موصل میں نہیں بلکہ وہاں سے چار سو کلو میٹر دور ہوا تھا۔
تاہم پینٹاگون نے کہا کہ ان کے پاس ایسے کسی حملے کی معلومات نہیں ہیں۔