گورکھپور (نامہ نگار)بیلی پار علاقہ کے ملاؤں گاؤں میں ہوئے دوہرے قتل معاملے کے کلیدی ملزم کو پولس نے گرفتار کرلیا۔ اس کے قبضہ سے ریوالورکے ساتھ دو زندہ کارتوس بھی برآمد ہوئے ہیں۔واضح ہو کہ گزشتہ پانچ اپریل کو بیلی پار علاقہ کے ملاؤں گاؤں، پاسی ٹولہ میں فقرے بازی کے بعد دو فریق کے درمیان مارپیٹ ہوئی تھی۔ بدھی ساگر گروپ کے لوگوں نے اندھادھند گولیاں چلائی تھیں جس میں ۳۰سالہ سمیر کی موقع پر ہی موت ہوگئی تھی جبکہ دس سالہ گریش یادو کی میڈیکل کالج میں موت ہوئی تھی۔ اس کے علاوہ تقریباً دس افراد زخمی بھی ہوئے تھے۔ زخمیوں میں رادھے شیام پاسی، سریندر پاسی، رادھے شیام کی بیوی گنجا ،کنہئی کی بیوی پان متی اور مہیندر کی بیٹی دیپا وغیرہ شامل ہیں۔ گزشتہ دنوں رادھے شیام کی نازک حالت کو دیکھتے ہوئے ڈاکٹروں نے لکھنؤ ریفرکردیا۔ ۱۰؍اپریل کو دو ملزمین بدھی ساگر کے بیٹے شبھم اور بھائی رام ساگر عدالت میں خود پیش ہوگئے۔باقی فرار چل رہے ہیں۔ایس او بیلی پار منوج پٹیل نے بدھی ساگر عرف ببلوشکلا (جو واردات کا کلیدی ملزم ہے)کو گرفتار کرلیا ہے۔ قتل معاملے کے چار ملزمین ابھی بھی پولس کی گرفت سے دور ہیں۔