کنبہ اور گاو¿ں والوں نے ملزمین کی گرفتاری کیلئے کیا مظاہر ہ
لکھنو¿:سروجنی نگر کے سرون نگر علاقہ میں دو شنبہ کی شب کسان کیسن پرساد اور اس کے بیٹے ببلو کے قتل کے معاملہ میں اب تک پولیس کسی بھی ملزم کو گرفتار نہیں کرسکی ہے۔ پولیس نے ملزمین کے کنبہ والوں کو پوچھ گچھ کیلئے حراست میں لے لیا ہے وہیں دوہرے قتل کے خلاف گاو¿ں کے لوگوں نے سڑک جام کر کے مظاہرہ کیا۔
دوہرے قتل کے معاملہ میں نامزد ملزمین بنتھرا باشندہ کندن، سنجے اور گپو کی تلاش میں کل شب سے ہی پولیس کی کئی ٹیمیں سرگرم ہیں۔ منگل کی شام تک پولیس کسی بھی ملزم کو گرفتار نہیں کر سکی تھی۔ پولیس نے ملزمین کے کنبہ والوں کو پوچھ گچھ کیلئے حراست میں لیا ہے۔ پولیس ملزمین کے ٹھکانوں پر چھاپہ ماری کر رہی ہے۔ وہیں ملزمین کی تلاش میں پولیس سرویلانس کی بھی مدد لے رہی ہے۔ فائرنگ میں زخمی کیسن کے بیٹے سندیپ کی حالت اب خطرہ سے باہر بتائی جا رہی ہے۔ وہیں دوہرے قتل کے خلاف ملزمین کی گرفتاری کے مطالبہ کے سلسلہ میں منگل کی صبح کنبہ اور گاو¿ں والوں نے سڑک جام کر کے مظاہرہ بھی کیا۔ موقع پر پہنچی سروجنی نگر پولیس، سی او سروجنی نگر ببیتا سنگھ نے کسی طرح مظاہرہ کر رہے لوگوں کو سمجھا بجھا کر خاموش کرایا اور گرفتاری کی یقین دہانی کرائی۔ شام تقریباً پانچ بجے کیسن پرساد اور اس کے بیٹے ببلو کی لاش گاو¿ں پہنچی تو کنبہ میں ماتم چھا گیا۔ آخری رسومات میں شامل ہونے کیلئے بڑی تعداد میں گاو¿ں کے لوگ جمع ہوئے۔ آخری رسومات میں ہجوم کو دیکھ کر گاو¿ں میں بڑی تعداد میں پولیس فورس تعینات کی گئی۔ سی او سروجنی نگر ببیتا سنگھ کا کہنا ہے کہ ملزمین کی تلاش کی جا رہی ہے اور جلد ہی ان کو گرفتار کرلیا جائے گا۔ واضح ہو کہ دو شنبہ کی شب بجنور گاو¿ں باشندہ کیسن پرساد ، اس کے بیٹے ببلو اور سندیپ کو شرون نگر علاقہ میں بنتھرا باشندہ کندن، سنجے اور گپو نے گولی مار دی تھی۔ گولی لگنے سے کیسن پرساد کی ٹراما سینٹر پہنچتے ہی موت ہو گئی تھی جبکہ زخمی ببلو نے دیر شب علاج کے دوران دم توڑ دیا تھا۔ کیسن پرساد اور اس کے بیٹے کے قتل ملزمین نے وقار کی لڑائی اور کانکنی کے تنازعہ کے سبب کیا تھا۔ دوہرے قتل کے معاملہ میں کیسن پرساد کے بھائی ونود نے کندن ، سنجے، گپو، گیانیندر اور شیرا سنگھ کے خلاف نامزد رپورٹ درج کرائی تھی ۔