لکھنؤ:دو دنوں سے بادلوں کی آمد ورفت اور معمولی بارش جلد ہی راجدھانی کو شرابور کرنے والی ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق اترپردیش میں مانسون کی دستخط ہوچکی ہے۔ بہت جلد ہی بھاری بارش کا دور شروع ہوجائے گا۔ فی الحال کل بھی بادل اور معمولی بارش ہوگی۔ امید ہے کہ پرسوں راجدھانی کو تیز بارش کا تحفہ مل سکتاہے۔ جمعرات کو بھی موسم خوشگوار رہا۔ بدن جھلسانے والی دھوپ بادلوں کی آمد ورفت سے دور بھاگتی نظر آئی۔ موسم کے اس مزاج کا راجدھانی میں جم کر جشن منایا گیا۔ شہر کے سبھی پارک لوگوں کی چہل قدمی سے گلزار رہے۔ اسکول میں چھٹی کے سبب بچے بھی پارکوں میں لطف اٹھاتے نظر آئے۔ بدھ کی شام کو ہلکی بارش کے بعد خوشگوار ہوئے موسم کا سلسلہ جمعرات کو بھی جاری رہا۔ صبح سے ہی بادلوں کی آمدورفت بنی رہی۔ بدھ کو دوپہر میں تیز دھوپ کا سامنا جمعرات کو نہیں کرنا پڑا ۔ شام کو ہلکی بارش نے پھر موسم خوشگوار بنادیا۔ بدھا پارک میں بچوں کے ساتھ خوشگوار موسم کا لطف لے رہے لوگوں نے کہا کہ موسم اسی طرح رہے تو کیا مزہ ہے۔ جون ماہ کے شروعات میں تو ایسا لگنے لگاتھا کہ لو کے تیور میںاضافہ ہوگا۔ کئی مرتبہ تو درجہ حرارت ۰۴ ڈگری پارکرگیا۔ لیکن دو دن میں موسم میں یہ تبدیلی آئی ہے۔ اس کا لطف اٹھانا چاہئے۔موسم محکمہ کے ڈائرکٹر جے پی گپتا کہتے ہیں کہ جمعہ کو بھی بادل رہیں گے۔ راجدھانی کے آس پاس بارش ہوسکتی ہے۔ دھوپ نکلے گی لیکن بادلوں کی آمدورفت بنی رہے گی۔
جون ماہ کے اب کچھ ہی دن بچے ہیں۔ موسم مسلسل دھوکہ دے رہاہے۔ چار دن جسم جھلسانے والی دھوپ تو دو دن بادل اور بارش سے موسم خوشگوار ہوگیا۔ ماہرین موسم کہتے ہیں کہ جون ماہ ختم ہوتے ہی بھاری بارش کا ایک دور آنا ضروری ہے۔ کیوں کہ معمولی بارش مانسون کی علامت نہیں ہیں۔ ابھی پانچ دن باقی ہیں اگر ان دنوں میں ایک بارش بھی بہتر ہوگئی تو پھر کھیتی میں اتنا بحران نہیں آئے گا۔ کیوں کہ ابھی کھیتی میں نمی دینے والی بارش کی سخت ضرورت ہے۔