ایس ایس پی راجیش پانڈے نے دونوں سپاہیوں کوکیامعطل
لکھنؤ۔(نامہ نگار)۔ معمولی ٹکر کے بعد بھاگ رہے ٹرک ڈرائیور کو علی گنج تھانہ کے دو سپاہیوں نے دوڑا کر مہا نگر علاقہ میں پکڑ لیا۔ اس کے بعد دونوں سپاہی ٹرک ڈرائیور سے بیس روپئے رشوت مانگنے لگے۔ اس دوران ادھر سے انسپکٹر مہانگر سنجے ناتھ تیواری وہاں سے گزرے اور انہوںنے دونوں کو پکڑ لیا۔ ایس ایس پی نے دونوں سپاہیوں کو معطل کر دیا۔ بتایا جاتا ہے کہ علی گنج کے نیرا نرسنگ ہوم تراہے کے نزدیک علی گنج تھانہ کے دو سپاہی ڈیوٹی کر رہے تھے۔ بتایا جاتا ہے کہ دیر شب ایک ٹرک ادھر سے گزرا اور ایک ٹرک نے ایک چائے کے ٹھیلہ کو معمولی ٹکر مار دی۔ بس اس کے بعد دونوں سپاہیوں نے ٹرک کا پیچھا کر لیا اور مہانگر علاقہ میں ٹرک کو پکڑ لیا۔ اس کے بعد دونوں سپاہی ٹرک ڈرائیور کو ڈانٹنے لگے۔ اسی درمیان وہاں سے انسپکٹر مہا نگر سنجے ناتھ تیواری گزر رہے تھے۔
بیچ سڑک پر سپاہیوں کو ٹرک ڈرائیور سے لڑتا دیکھ کر وہ رک گئے۔ انہوں نے دیکھا کہ دونوں سپاہی ان کے تھانہ کے نہیں ہیں اس پر انہوں نے ٹرک ڈرائیور سے پوری بات پوچھی۔ ٹرک ڈرائیور نے بتایا کہ معمولی ٹکر کے بعد سپاہیوں نے اس کو پکڑلیا اور اس سے بیس روپئے مانگ رہے تھے۔ انسپکٹر نے جب سپاہیوں سے پوچھ گچھ کی تو دونوں نے بتایا کہ وہ علی گنج تھانہ کے ہیں انہوں نے اپنا نام شیام نند اور امین اعظمی بتایا۔ اس پر انسپکٹر نے دونوں سپاہیوں کے خلاف اپنی رپورٹ اعلیٰ افسران کو بھیج دی۔ ایس ایس پی راجیش پانڈے نے بتایا کہ دونوں سپاہیوں کو انہوں نے معطل کر دیا ہے۔
گزشتہ کچھ دنوں سے پولیس والوں کی کچھ غلط حرکتوں کی وجہ سے پولیس محکمہ میں بدنما داغ لگے ہیں۔ ابھی چند روز قبل مڑیاؤں میں داروغہ آر کے پال کو ایک ہزار روپئے کی رشوت لیتے گرفتار کیا گیا۔ وہیں کرائم برانچ کے سپاہی روپیش پر طالبہ کی فحش فوٹو کھینچنے کے الزام میں معطل کیا جا چکا ہے۔ منگل کو ماڈرن کنٹرول روم سے دو سپاہیوں کو ڈی جی پی نے ٹرک سے وصولی کے سبب معطل کیا تھا۔