لکھنؤ۔ (نامہ نگار)۔ راجدھانی میں لوٹ، قتل، چین اسنیچنگ اور چوری یہ سب وارداتیں عام بات ہوتی نظر آرہی ہیں۔ شہر میں اب عام آدمی سڑک پر چلتے ہوئے گھبرانے لگا ہے وہیں راجدھانی پولیس مجرمین کے سامنے سرتسلیم خم کر چکی ہے۔ شہر کی کمان سنبھالے کپتان کی سمجھ میں نہیں آرہا ہے کہ کس طرح سے ایسی سنگین وارداتوں پر روک لگائی جائے۔ جمعرات کو اسی طرح کی ایک واردات مانک نگر علاقہ میں دیکھنے کو ملی۔ ایک صراف سے لٹیروں نے دو لاکھ روپئے نقد اور زیورات لوٹ لئے۔ بدمعاشوں نے صراف پر دو راؤنڈ فائرنگ کی لیکن وہ بچ گیا۔ موٹر سائیکل سے واردات کو انجام دے کر لٹیرے فرار ہو گئے۔
اطلاع ملنے پر تین تھانوں کی پولیس فورس موقع پر پہنچی لیکن اپاچے سوار بدمعاشوں کا کوئی سراغ نہیں ملا۔ صراف کی تحریر کے پیش نظر پولیس نے لوٹ اور جان سے مارنے کی کوشش میں مقدمہ درج کر لیا ہے۔
مانک نگر ایس او اروند پانڈے نے بتایا کہ گھنشیام سونی اور اب
ھیشیک سونی دونوں سگے بھائی ہیں۔ دونوں کرشنا نگر کے پریم نگر میں رہتے ہیں۔ بدھیشور چوراہے پر ان کی شمبھو دیال صراف کے نام سے دکان ہے۔ گھنشیام نے بتایا کہ وہ جمعرات کو بھائی کے ساتھ دکان پر پہنچا تھا۔ جمعرات کی شام تقریباً سات بجے دونوں بھائی دکان بند کر کے اسکوٹی سے پریم نگر واقع گھر جا رہے تھے۔ تبھی اپاچے سوار بدمعاش پارہ سے ہی ان کے پیچھے لگ گئے تھے۔
مانک نگر واقع ڈی آر ایم آفس کے پاس سناٹا دیکھ کر موٹر سائیکل سوار بدمعاشوں نے صراف کی اسکوٹی میں ٹکر مار دی۔ ٹکر لگتے ہی دونوں بھائی گر پڑے۔اس کے بعد بدمعاشوں نے انہیں مارنا شروع کر دیا۔ جب ابھیشیک نے ان کی مخالفت کی تو لٹیروں نے اسلحہ نکال کر ابھیشیک پر دو راؤنڈ گولی چلادی جس میں ابھیشیک بال بال بچ گیا۔ اسلحہ کے بل پر بدمعاشوں نے دو لاکھ روپئے نقد اور زیورات سے بھرا بیگ لوٹ لیا۔ صراف سے ہوئی لوٹ کی اطلاع ملتے ہی پولیس افسران میں افراتفری مچ گئی۔ موقع پر پارہ، مانک نگر اور کرشنا نگر کی پولیس پہنچی اور ساتھ ہی سی او عالم باغ بھی موقع پر پہنچے۔ پولیس کو موقع واردات سے دو کھوکھے ملے ہیں۔ صراف کی تحریر پر پولیس نے نامعلوم بدمعاشوں کے خلاف لوٹ اور جان لیوا حملہ کا مقدمہ درج کر لیا ہے، پولیس ملزمین کی جلد گرفتاری کا دعویٰ کر رہی ہے۔ دوسری جانب مڑیاؤں علاقہ میں شہ زوروں نے ایک لکڑی کاروبارہ کی پٹائی کر کے پچیس ہزار روپئے لوٹ لئے۔
مڑیاؤں کے نوبستہ کے رہنے والے محمد مجیب پیشہ سے لکڑی کاروباری ہیں اور ان کی دکان تاڑی خانہ چوراہے پر ہے۔ مجیب کے مطابق جمعرت کو ان کے پڑوسی فاروق اور رام ناتھ کے درمیان کسی بات کو لیکر مار پیٹ ہو گئی تھی۔ا س پر دونوں فریق تھانہ گئے تھے، وہ فاروق کی پیروی میں تھانہ گئے اور وہاں دونوں کے درمیان سمجھوتہ کرا دیا۔ مجیب کاالزام ہے کہ اس بات سے رام ناتھ آگ ببولہ ہو گیا ہے اور تھانہ سے لوٹتے وقت انہیں روک لیا اس کے بعد اس نے ساتھیوں کے ساتھ مل کر ان کی جم کر پٹائی کرتے ہوئے پچیس ہزار روپئے نقد لوٹ لئے۔ انہوں نے تھانہ پہنچ کر تحریر دی۔ پولیس معاملہ کی جانچ کر رہی ہے۔