لکھنؤ۔ (نامہ نگار)حسین گنج پولیس نے اتوار کو دو شاطر لٹیروں کو تصادم کے دوران گرفتار کیا پولیس نے ان کے قبضہ سے ایک پستول ، طمنچہ اور موٹر سائیکل برآمد کی ہے ۔ گرفتار بد معاشوں نے شہر میں چھ خواتین سے اسلحہ دکھا کر لوٹ مار کرنے کی بات قبول کی ہے ۔ ایس ایس پی پروین کمار نے بتایا کہ حسین گنج پولیس کو اتوار کی شام مخبر سے اطلاع ملی کہ موٹر سائیکل سوار دو لٹیرے کے کے سی چھتہ پل کی طرف آنے والے ہیں اس اطلاع پر حسین گنج پولیس نے گھیرا بند کی کچھ ہی دیر بعد ایک موٹر سائیکل پر سوار دو موٹر سائیکل سوار نظر آئے پولیس نے جب ان کو روکنے کی کوشش کی تو وہ موٹر سائیکل چھوڑ کر فرا ر ہونے لگے ۔ پولیس ٹیم نے ان کا تعاقب کیا تو بد معاشوں نے پولیس پر گولی چلا دی ۔ اس کے بعد پولیس نے گھیر کر دونوں بد معاشوں کو گرفت میں لے لیا ۔
تلاشی کے دوران پولیس کو دونوں کے قبضہ سے ایک ۹ ایم ایم کی پستول ، ایک طمنچہ اور کارتوس ملے ۔پوچھ گچھ میں پکڑے گئے لٹیروں نے اپنا نام کرشنا نگر کا دلدار اور سروجنی نگر کا آشیش سونی بتایا ملزمان نے گومتی نگر میں تین خواتین سے چین ، کرشنانگر میں ایک خاتون کے گلے سے چین اور آشیانہ علاقے میں دو خواتین سے چین چھیننے کی واردات انجام دینے کی بات قبول کی ۔ پکڑے گئے دونوں لٹیرے پہلے بھی جیل جاچکے ہیں ۔