نئی دہلی: بھارتی وزارت خارجہ نے کہا ہے کہ دو نیپالی خواتین کے ساتھ مبینہ زیادتی کرنے والے سعودی سفیر مجید حسن اشور ملک چھوڑ کر فرار ہو گئے ہیں۔ بھارتی میڈ یا کے مطابق وزارت خارجہ کے ترجمان وکاس سیروپ نے کہا کہ دو نیپالی خواتین کے ساتھ مبینہ زیادتی کرنے والے سعودی سفیر ملک چھوڑ کر فرار ہو گئے ہیں۔ ان کا کہنا ہے کہ سعودی سفیر کے خلاف ویانا کنونشن کے سفارتی تعلقات کے مطابق کاروائی کی جائے گی ۔ انہوں نے کہا کہ سعودی سفارتخانے پر مجید حسن اشور سے تحقیقات کے لیے دباؤ ڈ الا جائے گا۔ واضح رہے کہ نئی دہلی کے نواح میں ایک سعودی سفارت کار کی رہائشگاہ پر دو نیپالی ملازماؤں کے ریپ اور تشدد کی تصدیق میڈیکل رپورٹ نے کر دی تھی۔
ان خواتین کی عمریں تیس اور پچاس برس ہیں۔ انہوں نے الزام لگایا تھا کہ سعودی سفارت کار کی رہائش پر انہیں سعودی افراد نے تشدد اور جنسی زیادتی کا نشانہ بنایا۔ مقامی انتظامیہ نے نیپالی خواتین کے میڈیکل چیک اپ کے لیے چار رکنی میڈیکل ٹیم تشکیل دی تھی۔ بھارتی وزارتِ خارجہ نے نئی دہلی میں متعین سعودی سفیر کو طلب کر کے اِس مقدمے میں تعاون کی درخواست کی ہے۔ تاہم سعودی سفارت خانے نے الزام کی تردید کرتے ہوئے سفارتی استثنیٰ کا سہارا لیا ہے۔ پولیس نے اِس الزام کے تحت مقدمہ دائر کر رکھا تھا۔