امریکہ میں تقریباً دو کروڑ لوگ موبائل گھروں میں رہنا پسند کرتے ہیں۔ برطانوی نشریاتی ادارے کے مطابق امریکی ریاست جنوبی کیرولائنا میں تقریباً بیس فیصد لوگ موبائل گھروں میں رہتے ہیں۔ پروفیسر چارلس بیکر کا کہنا ہے کہ موبائل گھر امریکہ کے ہاؤسنگ سیکٹر کا ایک اہم حصہ ہیں اور ملک کے بہت سے علاقوں میں ایسے گھروں میں رہنا بْرا نہیں سمجھا جاتا جیسا کہ جنوبی علاقوں میں تصور کیا جاتا ہے۔ کچھ علاقوں میں یہ مکان بہت ہی سلیقے سے بنائے گئے ہیں مثال کے طور پر مارٹن برگ کے باہر ایک موبائل پارک ہے جہاں دو سے تین بیڈروم کے موبائل گھر بنائے گئے ہیں جن میں بیڈرومز کے علاوہ دو باتھ روم باورچی خانے میں واشنگ مشین کے ساتھ بریک فاسٹ بار بھی بنا ہوا ہے۔ 27 سالہ مائیکل بریڈن کا کہنا ہے ایک باقاعدہ گھر کی جگہ موبائل گھر لینے کا ایک مقصد آزادی بھی ہے۔ مائیکل کا کہنا ہے کہ وہ چاہتے تو مکان خرید بھی سکتے تھے لیکن اگر ہم پکا مکان لیتے تو دوسرے علاقے میں شفٹ ہونے کے لیے اسے ساتھ لیکر نہیں جا سکتے تھے لیکن موبائل مکان ہم اپنے ساتھ لیکر جا سکتے ہیں۔ ٹریلر پارکوں کے بارے میں کتاب لکھنے والے مصنف اینڈریو ہرلی کا کہنا ہے کہ 1930 کے عشرے میں کساد بازاری کے دوران لوگوں نے ٹریلروں میں رہنا شروع کر دیا جو دراصل گھومنے پھرنے یا چھٹیاں منانے کے لیے بنائے گئے تھے لیکن ضرورت پڑنے پر لوگوں نے انہیں اپنا گھر بنا لیا۔