لکھنؤ۔(نامہ نگار)۔ لکھنؤ پارلیمانی نشست سے عام آدمی پارٹی کے امیدوار اور فلم ادا کار جاوید جعفری جمعرات کو جیٹ ایئرویز کی پرواز سے چودھری چرن سنگھ بین الاقوامی ہوائی اڈہ پر پہنچے۔ صبح تقریباً سوا دس بجے جاوید جعفری کو لکھنؤ میں روڈ شو کرنا تھا لیکن ان کے پاس روڈ شو کرنے کیلئے منظوری کا خط نہیں تھا حالانکہ خط کی فوٹو کاپی ان کے پاس موجود تھی لیکن اصل کاپی نہ ہونے کے سبب سروجنی نگر پولیس نے روڈ شو کرنے کی اجازت نہیں دی۔ اس بات سے ناراض عاپ کے امیدوار جاوید جعفری اور ان کے حامی روڈ شو کی جگہ پر دھرنے پر بیٹھ گئے۔ تقریباً دو گھنٹے کے بعد لکھنؤ میں واقع پارٹی دفتر سے اصل کاپی دکھانے کے بعد روڈ شو کی اجازت مل گئی۔ واض
ح رہے کہ مشہور فلم اداکار جاوید جعفری کو عام آدمی پارٹی نے لکھنؤ پارلیمانی نشست سے امیدوار بنایا ہے۔ جاوید جعفری کوممبئی سے یہاں روڈشو کرنے کیلئے آنا تھا۔اسی وجہ سے چودھری چرن سنگھ ہوائی اڈہ پر ضلع انتظامیہ نے حفاظت کے پختہ بندوبست کر دیئے تھے۔ فلم ادا کار اور عام آدمی پارٹی امیدوار جاوید جعفری نے کہاکہ بدعنوانی کو ختم کرنے کے بعد ہی ملک کی ترقی ہوگی اور یہ کام صرف عام آدمی پارٹی ہی کر سکتی ہے اس لئے انہوں نے عام آدمی پارٹی کو منتخب کیا ہے ۔ جاوید جعفری نے مذکورہ باتیں چودھری چرن سنگھ ہوائی اڈہ پر صحافیوں سے گفتگو کے دوران کہیں۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ وہ ہندوستان کے شہری ہیں اس لئے پارٹی نے انہیں ملک کی کسی بھی پارلیمانی نشست سے انتخاب کے میدان میں اتارا ہے ا ور اس کیلئے انکار کرنے کی کوئی وجہ نہیں تھی لیکن پارٹی نے انہیں تہذیب کے شہر لکھنؤ کیلئے منتخب کیا ہے۔ اس لئے تہذیب اور زبان سے آشنا ہونے کے سبب انہیں الیکشن میں کوئی دقت پیش نہیں ہوگی ۔ انہوں نے کہا کہ عوام کے دلوں میں جگہ بنانے کیلئے وہ گھر گھر جاکر عوام سے رابطہ کریں گے۔