نئی دہلی، 25 فروری (یو این آئی)کانگریس لیڈر بینی پرسادورمانے جو متنازعہ بیانات دینے کی وجہ سے مشہور ہیں آج کہاکہ کانگریس کے نائب صدر راہل گاندھی اگلے سال یوم آزادی کے موقع پر بطور وزیراعظم لال قلعہ پر قومی ترنگا لہرائیں گے۔بی جے پی کے وزیراعظم کے عہدے کے امیدوار نریندر مودی کو نشانہ بناتے ہوئے انہوں نے کہا “مودی نقلی لال قلعوں سے تقریریں کرتے کرتے تھک جائیں گے اس کے بعد راہل گاندھی 15 اگست 2014 کو پرچم لہرائیں گے۔گو کانگریس نے مسٹر گاندھی کو باقاعدہ وزیراعظم کے عہدے کاامیدوار قرار نہیں دیا ہے مسٹر ورما نے کہاکہ پارٹی نائب صدر اس اعلی عہدہ کے لئے فطری انتخاب ہیں۔انہو ںنے کہا “ہمارے وزیراعظم خود کہہ چکے ہیں کہ مسٹر گاندھی اگلے وزیراعظم ہوں گے۔کانگریس کے سینئر لیڈر اکثر متنازعہ بیانات دیتے رہتے ہیں۔ وہ سماج وادی پارٹی سربراہ ملائم سنگھ یادو کو نشانہ بنانے کی وجہ سے تنازعہ میں پھنس چکے ہیں۔