ممبئی: بالی ووڈ اداکار عرفان خان اپنی آنے والی نئی فلموں میں اداکارہ دپیکا پڈوکون اور کنگنا رناوت کے ساتھ رومانوی کردار ادا کریں گے۔ہندوستانی میڈیا کے مطابق اپنے ایک تازہ انٹرویو میں اداکار عرفان خان نے ایک سوال کے جواب میں کہا کہ وہ اداکارہ دپیکا پڈوکون کے ساتھ کام کے لیے بے تاب ہیں کیونکہ وہ ایک اچھی اداکارہ ہے اور انھیں امید ہے کہ اس کے ساتھ وقت اچھا گزرے گا۔ انھوں نے کہا کہ دپیکا پڈوکون روایت سے ہٹ کر کام کرنا چاہتی ہے۔ عرفان نے بتایا کہ وہ ہالی ووڈ کی فلم ’’جوریسک ورلڈ‘‘ کی عکسبندی کے لیے دو دن میں لاس اینجلس روانہ ہو جائیں گے۔اس فلم میں ان کا کردار ایک پار ک کے مالک کا ہے اور فلم کا اسکرپٹ بہت شاندار ہے۔انھوں نے بتایا کہ وہ مستقبل میں کنگنا رناوت کے ساتھ ڈائریکٹ کبیر خان کی نئی فلم میں ہیرو آئیں گے لیکن ابھی اس میں وقت لگے گا کیونکہ ابھی وہ متعدد پراجیکٹس میں بے حد مصروف ہیں۔ عرفان خان نے کنگنا رناوت کی اداکارانہ صلاحیتوں کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ اس میں وقت کے ساتھ بہت تبدیلی آئی ہے۔ یاد رہے کہ فلم لنچ بکس میں بہترین اداکاری پر عرفان خان کو ایشین فلم ایوارڈ دیا گیا ہے۔