لکھنؤ(نامہ نگار)امین آباد کا ایک دکان مالک دو مارچ کو چھوٹے بھائی کی شادی کی تیاری میں مصروف تھا بدھ کی رات وہ مستری کو گھر سے باہر چھوڑنے کیلئے گیا جب وہ واپس گھر آرہا تھا تو کچھ لوگوں نے اس پر چاقو سے حملہ کر دیا۔ حملہ آوروں نے دکان مالک کی گردن پر چاقو مارا اورفرار ہو گئے۔ حملہ کا الزام پولیس مخبر اور اس کے بھائیوں پر لگایا گیا ہے۔ فی الحال پولیس نے نامعلوم افراد کے خلاف رپورٹ درج کر لی ہے۔ امین آباد کے بھوسا منڈی
کے رہنے والے ۴۰سالہ جتندر کی حضرت گنج علاقے میں ایک دکان ہے۔ جو اس نے کرائے پر دے رکھی ہے۔ بتایاجاتا ہے کہ جتندر کے چھوٹے بھائی مہندر کی دو مارچ کو شادی ہونے والی ہے شادی کے سلسلہ میں وہ اپنے گھر میں کچھ تعمیری کام کرا رہا تھا۔ بدھ کی رات گیارہ بجے جب وہ مستری کو چھوڑنے گھر سے نکلا وہ مستری کو سڑک پر چھوڑ کر گھر واپس آرہا تھا اسی درمیان کچھ لوگوں نے جتندر پر چاقو سے حملہ کر دیا ملزمان نے اس کی گردن پر چاقو مارااور وہاں سے فرار ہو گئے۔ جتندر نے شور مچایا تو مقامی لوگ جمع ہو گئے اور انہوں نے اسے زمین پر خون سے لتھ پتھ دیکھا ۔ کنبہ کے افراد اسے فوراً بلرامپور اسپتال لے گئے جہاں ڈاکٹروں نے اسے ٹراما سینٹر منتقل کر دیاجتندر پر حملہ کے سلسلہ میں اس کے گھر والوں نے محلہ کے رہنے والے تین سگے بھائیوں پر الزام لگایا ہے۔ جن میں سے ایک پولیس کا مخبر بتایا جاتا ہے۔اس کے باوجود امین آباد پولیس نے اس معاملہ میں نامعلوم افراد کے خلاف رپورٹ درج کی ہے۔