لکھنو:حضرت گنج واقع بھوپال ہاوس کے نزدیک دو دکانداروں کے درمیان جم کر مار پیٹ ہوئی جس میں دونوں طرف سے متعدد لوگ شدید طور پر زخمی ہو گئے۔ جھگڑے کی اطلاع پاکر موقع پر پہنچی پولیس نے زخمیوں کونجی اسپتال میں داخل کرایا۔ پولیس کا کہنا ہے کہ اگر تحریر آئے گی تو کارروائی کی جائے گی۔ بھوپال ہاو¿س برآمدے میں سپناکار شرنگار کے نام سے بال کرشن مشراکی دکان ہے جہاں ہری اوم، انکش اور آشیش کام کرتے ہیں اسی دکان کے عقب میں ہرجیت کی کار پلس کے نام سے دکان ہے۔ بتایا جا رہا ہے کہ دونوں دکانداروں کے درمیان طویل عرصہ سے کشیدگی چل رہی تھی۔ دکان پر کام کرنے والے دونوں طرف کے کاریگر آپس میں چھینٹا کشی کیا کرتے تھے۔ اتوار کودکان کے باہر گاڑی لگانے کے سلسلہ میں دونوں طرف کے کاریگروں کے درمیان کہاسنی ہونے لگی۔ کچھ ہی دیر میں کاریگر ہاتھا پائی پر اتر آئے۔
دکان مالک ہرجیت نے معاملہ کو خاموش کرانے کے بجائے بال کرشن کے نوکر کو پیٹنا شروع کردیا۔ تبھی دونوں طرف سے ایک درجن لوگ جمع ہو گئے اور جم کر مار پیٹ شروع ہو گئی۔ ہنگامہ کے دوران ایک دوسرے کی دکانوں کے شیشے بھی توڑ دیئے گئے۔ بال کرشن نے بتایا کہ جھگڑے میں ہری اوم ، آشیش اور انکش شدید طور پر زخمی ہو گئے ہیں جنہیں علاج کیلئے اسپتال میں داخل کرایا گیا ہے۔ انسپکٹر حضرت گنج کا کہنا ہے کہ دکان کے سامنے گاڑی کھڑی کرنے کے سلسلہ میں جھگڑا ہوا تھا۔ تحریر ملنے پر کاروائی کی جائے گی۔