بھوپال: ریاست کے سابق وزیر اعلی اور کانگریس جنرل سکریٹری دگ وجے سنگھ آج مدھیہ پردیش اسمبلی سکریٹریٹ میں مبینہ فرضی تقرری اسکینڈل کے سلسلے میں اپنابیان درج کرانے کے لئے پولیس کے سامنے پیش ہوئے ۔ مسٹر سنگھ صبح تقریبا 11 بجے سیٹی پولیس سپرنٹنڈنٹ (جھاں گیرآباد) سلیم خان کے دفتر پہنچے ۔ ان کے ساتھ پارٹی کے بہت سے کارکن بھی موجود تھے ۔ 1993 سے 2003 کے درمیان، جس وقت یہ مبینہ گھوٹالہ ہوا، اس وقت مسٹر سنگھ ریاست کے وزیر اعلی تھے ۔ سینئر کانگریس لیڈر مانک اگروال نے کہا کہ اگر مسٹر سنگھ کو گرفتار کیا جاتا ہے تو ان کے ساتھ پارٹی کے کارکن بھی اپنی گرفتاری دیں گے ۔ اسمبلی سیکرٹریٹ کی جانب سے سال 1993 سے 2003 کے درمیان ہوئی تقرری میں مبینہ بے ضابطگیوں سے متعلقہ شکایت درج کرانے کے بعد جھاں گیرآباد پولیس نے مسٹر سنگھ، سابق اسمبلی اسپیکر سرینیواس تیواری اور دیگر کے خلاف مقدمہ درج کیا تھا۔