دھار: مدھیہ پردیش کے اس ضلع میں پولیس نے دو روز قبل اسلامک اسٹیٹ (داعش) کے نعرے لکھی پتنگ اڑنے کے معاملے میں نامعلوم افراد کے خلاف معاملہ درج کرلیا ہے ۔ دھار پولیس کے ذرائع نے بتایا کہ کوتوالی تھانہ علاقے میں واقع دھنیا واڑی میں 14 جنوری کی ایک متنازعہ پتنگ سامنے آئی تھی جس میں داعش کے نعرے لکھے تھے اور 24 جنوری کو منعقد ہونے والی سادھوی رتمبھرا کے جلسے کے سلسلے میں بھی تبصرہ کیا گیا تھا۔ کوتوالی پولیس نے کل اس معاملے میں نامعلوم افراد کے خلاف مذہبی جذبات مجروح کرنے کا معاملہ درج کرلیا ہے ۔، خیال رہے کہ اس سے پہلے 18 دسمبر کی رات نامعلوم افراد نے ایک پیٹرول پمپ کے سامنے داعش کا جھنڈا لگادیا تھا۔ عام لوگوں نے پولیس کو اس کی اطلاع دی جس کے بعد پولیس نے 19 دسمبر کو جھنڈا ضبط کرکے نامعلوم افراد کے خلاف معاملہ درج کیا تھا۔