چنڈی گڑھ۔ 04 مئی (یو این این) محکمہ زراعت پنجاب نے کاشتکاروں کو دھان کی کاشت 20مئی سے شروع کرنے کی ہدایت کی ہے اور کہاہے کہ کاشتکار دھان کی موٹی اقسام اری 6- ، کے ایس 282 ، کے ایس کے 133- اور نیاب اری 9 کی کاشت بروقت شروع کریں۔ پنیری کی کاشت کیلئے صاف ستھرا اور صحتمند بیج استعمال کریں اور بیج سے پھیلنے والی بیماریوں کے تدارک کیلئے بیج کو مناسب پھپھوندکش زہر ضرور لگائیں۔ دھان کی ایک ایکڑ پنیری کو اگانے کیلئے موٹی اقسام کا شرح بیج تر یا کدو کے طریقہ میں 7-6 کلوگرام، خشک طریقہ میں 10-8 کلوگرام اور راب کے طریقہ میں 15-12 کلوگرام استعمال کریں ۔ نظامت زرعی اطلاعات پنجاب کے ترجمان کے مطابق20 مئی سے قبل دھان کی پنیری کی کاشت ممنوع ہے کیونکہ دھان کے تنے کی سنڈیاں موسم سرما کو مڈھوں میں سرمائی نیند سو کر گزارتی ہیں جو کہ مکمل گرمی سے
قبل موجود رہتی ہیں۔ دھان کی پنیری کو کدو طریقہ کاشت کیلئے پہلے کھیت میں ایک سے دو مرتبہ خشک ہل چلائیں اور پنیری بونے سے تین دن پہلے کھیت کو پانی سے بھر دیں پھر کھڑے پانی میں دوہرا ہل چلائیں اور سہاگہ دیں۔ ماہرین نے کہاکہ دھان کا ٹوکا بعض اوقات پنیری پر شدید حملہ کرتا ہے اگر پنیری پر اس کا حملہ ہو جائے تو محکمہ زراعت پنجاب کے فیلڈ آفیسران کے مشورہ سے مناسب زہروں کا دھوڑا کریں اورتنے کی سنڈیوں کے حملہ کی صورت میں دانہ دار زہریں استعمال کریں۔