لکھنؤ۔ :۔۔۔ اترپردیش شیعہ سینٹرل وقف بورڈ کے چیئر مین وسیم رضوی نے الزام عائد کیا ہے کہ حساب کتاب دینے سے بچ رہے متولیان دھرنا و مظاہرہ کروا رہے ہیں۔ وسیم رضوی نے کہا کہ ہٹائے گئے ۷۲ متولیوںمیں سے تین کربلا تالکٹورہ اور وقف سجادیہ لکھنؤ سمیت اوقاف رامپور کے متولی چارج نہیں دے رہے ہیں۔انہوں نے انتباہ دیتے ہوئے کہاکہ بورڈ دھرنے اور مظاہرہ کے دباؤ میں نہیں آنے والا ہے۔انہوں نے الزام عائدکیاکہ مولانا کلب جواد کے پاس وقف سجادیہ میں وصول کی گئی رقم کا حساب نہیں ہے۔ امام باڑہ کی زمین پر ناجائز طور پر کثیر منزلہ عمارت بناکر کی گئی وصولیابی کی جانچ بورڈ کے ذریعہ کرائی جا رہی ہے۔ اسی طرح مولانا کے معاون کربلا تالکٹورہ کے سابق متولی کے خلاف وقف جائیداد میں خرد برد کا مقدمہ درج کرایا جا چکا ہے۔ انہوں نے کہا کہ وقف جائیدادوں پر ناجائز طور سے قبضہ کرنے کی کوشش ایک مجرمانہ عمل ہے۔ بورڈ ایسے بدعنوانی متولیوں کے خلاف وقف آراضی اور اس کی آمدنی کے سلسلہ میں خرد برد کا مقدمہ درج کرا سکتا ہے۔