ممبئی ۔ اداکار عامر خان نے ان خبروں کو بے بنیاد قرار دیا ہے جن میں انھیں جان سے مارنے کی دھمکیاں ملنے کے بارے میں بتایا گیا تھا۔ممبئی میں اپنے ٹی وی شو ’ستیہ مے وجیتے‘ کے دوسرے ایڈیشن کے بارے میں میڈیا سے بات کرتے ہوئے عامر خان نے کہا کہ ’مجھے کوئی دھمکی نہیں ملی۔ ویسے بھی میں اپنے دل
کی بات کہنے اور کرنے سے ڈرتا نہیں ہوں۔آپ لوگ براہ مہربانی افواہوں پر یقین نہ کریں۔ میری جان کو خطرہ نہیں ہے۔‘حال ہی میں ایسی خبریں گرم تھیں کہ عامر نے اپنے پروگرام میں جن مسائل کو اجاگر کیا ہے اس پر انہیں دھمکیاں دی گئی ہیں۔عام اپنے پروگرام کے پہلے سیزن میں ذات پات کے تعصبات، جہیز، ڈاکٹروں کی لاپرواہی اور غیرت کے نام پر قتل جیسے مسائل پر بات کر چکے ہیں اور اب ان کے اس شو کا دوسرا سیزن دو مارچ سے شروع ہو رہا ہے۔عامر نے اس موقع پر کہا: ’میری ذمہ داری ہے کہ سماج کی غلط باتوں کو سامنے لاؤں اور انہیں حل کرنے کے لیے تعاون کروں۔ میں چاہتا ہوں کہ معاشرے کی بہتری کے لیے اٹھائے گئے ہر قدم میں لوگ ساتھ دیں۔ ذاتی طور پر میں خواتین کو بااختیار بنانے کے لیے کام کرنا چاہتا ہوں۔‘اس موقع پر عامر نے یہ بھی کہا کہ وہ کسی سیاسی پارٹی کے حامی نہیں اور نہ ہی مستقبل میں وہ کسی جماعت کا حصہ بنیں گے۔ انہوں نے کہا، ’میں کسی جماعت سے نہیں بلکہ مسائل سے جڑنا چاہتا ہوں۔‘عامر نے یہ بھی مانا کہ اپنے پروگرام کے پہلے ورڑن میں وہ کئی بار آبدیدہ ہوئے تھے۔انہوں نے کہا، ’میں شو میں بہت رویا کیوں کہ میں ایک جذباتی انسان ہوں۔ یقین جانیں کئی بار تو میں اتنا رویا کہ شو کی تدوین کے موقع پر یہ حصہ کافی حد تک کاٹنا پڑا کیونکہ شو میں دوسرے بھی اہم مسائل کو جگہ دینا ضروری تھا۔‘